نئی دہلی، خواتین اور اطفال ترقیات کی وزارت، حکومت ہند نے ایک آن لائن مہم شروع کی ہے جس کا عنوان ‘#www : Web- WonderWomen’ ہے ۔ اس مہم کا مقصد خواتین کی غیر معمولی حصولیابیوں کو تلاش کرکے انہیں منظر عام پر لانا ہے۔ یعنی ایسی حصولیابیوں کو نمایاں کرنا ہے جو سماجی میڈیا کے توسط سے سماجی تبدیلیوں کے سلسلے میں مثبت کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ خواتین اور اطفال ترقیات کی وزیر محترمہ مینکا سنجے گاندھی، گلوبل ہیڈ پبلک پالیسی ٹوئٹر جناب کولین کروویل اور بریک تھرو کی صدر اور سی ای او محترمہ سوہنی بھٹا چاریہ بھی اس آغاز کے دوران موجود تھیں۔
اس مہم کے توسط سے وزارت اور اس مہم میں شریک شراکت داران ،ان معروف بھارتی خواتین کو منظر عام پر لانا چاہتی ہیں جنہوں نے سماجی میڈیا کی قوت کو سماج میں ایک واضح اور مثبت تبدیلی لانے کے لئے بروئے کار لاکر نمونہ پیش کیا ہے۔ یہ مہم ان ہونہار خواتین کی کوششوں کا اعتراف بھی کرے گی اور انہیں روشناس بھی کرائے گی۔
اس مہم کے آغاز کے موقع پر خواتین و اطفال ترقیات کی وزیر محترمہ مینکا سنجے گاندھی نے کہا کہ بھارتی خواتین ہمیشہ سے کارکردہ اور محنتی رہی ہیں اور انہوں نے اپنی جانفشانی، تجربے اور علم سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کئے ہیں۔ آن لائن طریقے سے خواتین کی آواز ازحد اہمیت کی حامل ہوجاتی اور مذکورہ ویب ونڈر ویمن ایک ایسی مہم ہے جو اس طرح کی آوازوں کو نہ صرف اعزاز بخشے گی بلکہ ان کی حوصلہ افزائی بھی کرے گی۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ وزارت کو بریک تھرو اور ٹوئٹر انڈیا کے ساتھ مل کر کام کرنے سے خوشی ہوئی ہے۔
اس مہم کے تحت دنیا بھر سے نامزدگیوں کی شکل میں اندراجات وصول کئے جاتے ہیں جو طے شدہ کسوٹی کے مطابق ہوتے ہیں۔ اب یہ نامزدگیاں 31 جنوری 2019 تک ارسال کی جاسکتی ہیں۔ ایسی بھارت نژاد خواتین جو دنیا کے کسی بھی حصے میں کام کررہی ہیں یا سکونت پذیر ہیں، اس سلسلے میں اپنی نامزدگیاں ارسال کرسکتی ہیں۔ منتخبہ اندراجات کو عوامی ووٹنگ کے لئے ٹوئٹر پر پیش کیا جائے گا اور حتمی فہرست کا انتخاب ججوں کا خصوصی پینل کرے گا۔ نامزدگیاں متعدد اور بڑی تعداد کے زمروں میں طلب کی گئی ہیں جن میں صحت، میڈیا، ادب، فنون، کھیل کود، ماحولیاتی تحفظ اور فیشن وغیرہ بھی شامل ہیں۔
مزید تفصیلات کے لئے درج ذیل دو ویب سائٹوں پر قائم کیا جاسکتا ہے