نئی دہلی، صدرجمہوریہ جناب رام ناتھ کووند نے آج پریاگ راج کمبھ میں پرمارتھ نکیتن کیمپ میں گاندھیائی نظریات کے احیاء سے متعلق تین روزہ سربراہ کانفرنس کا افتتاح کیا۔ سربراہ کانفرنس میں ملک کے مختلف حصوں سے تقریباً تین سو گاندھیائی نظریئے سے جڑے لوگ اور تنظیمیں شرکت کررہی ہیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ کمبھ میلہ دنیا کا سب سے بڑا انسانی اجتماع ہے اور یہ چھوا چھات کو جڑ سے ختم کرنے اور صفائی ستھرائی کے پیغامات کو پھیلانے کا ایک بڑا پلیٹ فارم ہے ، جس پر مہاتماگاندھی نے عمل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بابائے قوم کو ایک سچا خراج عقیدت ہوگا۔ انہوں نے کمبھ میلے کو زبردست کامیاب کرنے کے لئے اترپردیش سرکار اور اس کے افسروں کی ستائش کی۔ اس سے پہلے خاتون اول محترمہ سویتا کووند نے کمبھ کے لئے روایتی کشتی برادری کی 9 خاتون کو ان کی خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا۔
اترپردیش کے وزیراعلی ٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ دو روزہ مکرسکرانتی انسان فیسٹول کے دوران دو کروڑ 25 لاکھ عقیدت مندوں نے مقدس اسنان کیا۔ پرمارتھ نکیتن میں گاندھیائی نظریات کے احیاء سے متعلق تین روزہ سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پہلے شاہی انسان کے لئے میلے کے افسروں کو بہترین انتظامات کرنے کے لئے مبارک باد دی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میلے کے دوران صفائی ستھرائی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے میلے کے لئے سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میلے کے علاقے میں ایک لاکھ سے زیادہ بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں تاکہ میلے کے علاقے کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک بنایا جاسکے۔
پہلی مرتبہ میلے کے علاقے کے آس پاس مکمل سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ایک مربوط کنٹرول اور کمانڈ سینٹر (آئی سی سی سی) قائم کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لئے میلے میں ایک ہزار سے زیادہ سی سی ٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
پریاگ راج کمبھ 2019 چار سو پچاس سال کے بعد عام لوگوں کے لئے اکشے واٹ (مقدس درخت) اور سرسوتی کوپ (مقدس تالاب) کے دروازے کھولنے کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ اس کے لئے عقیدت مندوں کی ایک طویل مدت سے مانگ التوا میں تھی۔