17.6 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

زرعی تحقیق کی ہندوستانی کونسل (آئی سی اے آر) نے صلاحیتوں کو راغب کرنے اور ملک میں اعلیٰ زرعی تعلیم کو مضبوط بنانے کے لئے قومی زرعی اعلیٰ تعلیمی پروجیکٹ (این اے ایچ ای پی) کا آغاز کیا

Urdu News

نئی دہلی، زراعت میں ہنرمند انسانی وسائل کو زرعی ترقی کی بنیاد بننا چاہئے اور اس پس منظر میں مودی حکومت نے زرعی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی زور دیا ہے۔ یہ بات زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر جناب رادھا موہن سنگھ نے نئی دہلی کے پوسا میں ودیارتھی کلیان نیاس کے زیر اہتمام منعقدہ ’’ایگری ویژن- 2019‘‘ کے دوسرے دن کے چوتھے کنونشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر موصوف نے کہا کہ زرعی تعلیم کو مفید بنانے کے لئے پانچویں ڈین کمیٹی کی سفارشات کو سبھی زرعی یونیورسٹیوں میں نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت زرعی ڈگری کورسوں میں ترمیم کی گئی ہے، تاکہ اس میں بایو ٹیکنالوجی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، بایو انفارمیٹکس، ریموٹ سینسنگ، آرگینک فارمنگ، ایگریکلچر بزنس مینجمنٹ وغیرہ کو شامل کیا جاسکے۔ اس میں تجرباتی تعلیم، ہنرمندی اور صنعت کاری کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چار نئے پروگراموں بی ٹیک (بایو ٹیکنالوجی)، بی ایس سی کمیونٹی سائنس، بی ایس سی فوڈ نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس اور بی ایس سی سیری کلچرل کو شامل کیا گیا ہے۔

جناب سنگھ نے جانکاری دی کہ آئی سی اے آر نے حال ہی میں 1100 کروڑ روپئے کے صرفے سے ایک پرعزم قومی زرعی اعلیٰ تعلیمی پروجیکٹ (این اے ایچ ای پی) کی شروعات کی ہے، تاکہ ملک میں صلاحیتوں کو راغب کیا جاسکے اور اعلیٰ زرعی تعلیم کو مضبوط کیا جاسکے۔ اس پروجیکٹ کے لئے عالمی بینک اور حکومت ہند 50-50 فیصد کے تناسب سے رقم دستیاب کرائے گی۔ مزید برآں زراعت، باغبانی، ماہی پروری اور فاریسٹری میں چار سالہ ڈگری کو پیشہ ورانہ ڈگری قرار دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ راجیندر ایگریکلچر یونیورسٹی کو اَپ گریڈ کرکے ڈاکٹر راجندر پرساد سینٹرل ایگریکلچرل یونیورسٹی کردیا گیا ہے، تاکہ شمال مشرق سمیت شمالی ہند میں سبز انقلاب لانے کے لئے حکومت کی کوششوں کو تقویت دی جاسکے۔ دریں اثنا آئی اے آر آئی، پوسا، نئی دہلی کی طرز پر جھارکھنڈ کے برہی میں انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی اے آر آئی) قائم کیا گیا ہے اور ایک اور آئی اے آر آئی آسام میں قائم کیا جارہا ہے۔

زرعی کاروبار میں طلبہ کی حصے داری کو بڑھاوا دینے کے لئے اسٹوڈنٹ ریڈی (رورل انٹرپرینیورشپ اویئرنیس ڈیولپمنٹ یوجنا- آر ای اے ڈی وائی) اسکیم چلائی جارہی ہے، جس کے تحت انڈر گریجویٹ طلبہ کو زراعت اور صنعت کاری کا عملی تجربہ کرایا جاتا ہے۔

زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کی وزارت اور فروغ ہنرمندی و صنعت سازی کی وزارت کے درمیان ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کئے گئے ہیں، تاکہ زراعت کے شعبے میں فروغ ہنرمندی کو بڑھاوا دیا جاسکے۔ اس کے تحت ملک بھر کے کسان وکاس کیندروں (کے وی کے) میں مستقل بنیاد پر فروغ ہنرمندی سے متعلق تربیتی پروگرام چلائے جاتے ہیں۔ یہ تربیتی پروگرام زراعت اور اس سے متعلقہ امور پر مبنی ہیں۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More