مرکزی وزیربرائے فروغ وسائل انسانی جناب رمیش پوکھریال نشنک نے‘منتھن- امپیکبل ایکڈمیاں’ کے تیسرے باب کا افتتاح کیا۔اس تقریب کا اہتمام میڈیا اینڈ انٹرٹینٹمنٹ اسکلز کونسل (ایم ای ایس سی) نے مرکزی فروغ وسائل انسانی کی وزارت کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر فلم سازوں ، ماہرین تعلیم ایم ای ایس سی کے چیئرمین جناب سبھاش گھئی، جناب سبا راؤ، فروغ وسائل انسانی کی وزارت کے سینئر مشیر معاشیات اور دیگر افسران اور صنعتی دنیا کے بیشتر افراد نے اس تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر اپنی تقریر میں مرکزی وزیر برائے فروغ وسائل انسانی ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے کہا کہ ہنرمندی کی تعلیم کو کسی بھی ملک کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، جس سے ہنرمند نوجوان اور افرادی قوت کی تیاری میں معاونت حاصل ہوتی ہے، جو آج وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ ہندوستان کی نوجوان آبادی ملک کے انتہائی بیش قیمت اثاثے کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کی تعداد ملک کی کل آبادی کے 54 فیصد کے بقدر ہے۔ ہمارے نوجوان تعلیم کے میدان میں عالمی قائد کی حیثیت رکھتے ہیں، جنہوں نے مستقبل کے لیے ہمارے خواب اور ہمارے مشن کو ایک بہتر ہنرمند طاقت بنا دیا ہے۔ فروغ وسائل انسانی کی وزارت اور ایم ای ایس سی قابل ستائش کام کررہے ہیں۔ ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک موصوف نے اس موقع پر ایم ای ایس سی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جناب سبھاش گھئی کی قیادت میں ایم ای ایس سی ودیادان کے ذریعے گرو ششیا کی ثقافت و روایت کو صحیح معنوں میں فروغ دے رہی ہیں۔
اس موقع پر اپنی تقریر میں جناب سبھاش گھئی نے کہا کہ فلمی صنعت میں ہی 72 اقسام کے پیشہ ور ہنرمند افراد شامل ہیں۔ فروغ وسائل انسانی کی وزارت اور ہنرمندی کے فروغ اور کاروباری امور کی وزارت نے ہمیں ہندوستان اور تفریحی صنعت کی ضرورتوں سے روبرو ہونے اور ان کی واقفیت حاصل کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم دستیاب کرایا ہے۔ ایم ای ایس سی ہنرمند نوجوان تیار کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی ایماندارانہ تربیت کی غرض سے ودیادان جیسے پلیٹ فارم دستیاب کرانے کے ذریعے مستقبل کے قائدین تیار کرنے کے تئیں بھی عہد بستہ ہے۔
واضح ہو کہ منتھن میڈیا اور تفریح کی صنعت میں وافر مقدار میں موجود مواقع پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی میڈیا اینڈ انٹرٹینٹمنٹ اسکلز کونسل (ایم ای ایس سی)کے درمیان اشتراک کے امکانات کو بھی اجاگر کررہی ہے اور ملک کے معروف تعلیمی اداروں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی سرگرمیوں میں شرکت کر رہی ہے۔ فروغ وسائل انسانی کی وزارت نے ایم ای ایس سی کے اشتراک سے بی ایس سی انیمیشن اینڈ وی ایف ایکس، بی ایس سی پرفارمنگ آرٹس اور بی ایس سی فلم میکنگ جیسے ملازمتوں سے مشروط بیچلر کورسیز تیار کیے ہیں،جن سے روزگار اور ملازمت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سلسلے میں متعلقہ یونیورسٹیوں کو اپنے کالجوں کے ذریعے یہ کورسیز شروع کرنے کے لیے بااختیار کردیا گیا ہے۔خودمختار کالجوں کواس سلسلے میں پہلے ہی سے بااختیار بنایا جا چکا ہے اور دیگر کالج اپنی متعلقہ یونیورسٹی کی منظوری سے یہ کورسیز شروع کرسکتے ہیں۔اس سلسلے میں 50 سے زائد کالجوں/ یونیورسٹیوں نےطلبا کے لیے خصوصی کورسیز شروع کرنے کی غرض سے ایم ای ایس سی کے ساتھ ایک مفاہمتی عرض داشت پر دستخط کیے ہیں۔
اس تقریب میں اتراکھنڈ سرکار کی ڈائریکٹورٹ آف ہائر ایجوکیشن، ہنس راج کالج، خالصہ کالج، تری پورہ یونیورسٹی، شاردہ یونیورسٹی، جی ڈی گوئنکا یونیورسٹی، جین یونیورسٹی اور متعدد دیگر اداروں نے شرکت کی۔