نئی دہلی، حکومت ہند کووڈ-19 سے بچاؤ، روک تھام اور اس کے بندوبست کے لئے سبھی ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مل کر اجتماعی کوششوں کے ذریعے متعدد اقدامات کررہی ہے۔ ان اقدامات کا مسلسل اعلیٰ سطحی جائزہ لیا جارہا ہے اور نگرانی کی جارہی ہے۔
دواؤں کی جانچ اور ویکسین سے متعلق سائنس کے شعبوں میں کام کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ اس ٹاسک فورس کے شریک صدر نیتی آیوگ کے رکن اور عزت مآب وزیر اعظم کے پرنسپل سائنسی مشیر ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر اراکین میں آیوش، آئی سی ایم آر، محکمہ سائنس و ٹکنالوجی، بایو ٹیکنالوجی، کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر)، ڈی آر ڈی او، صحت خدمات کا ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی ایچ ایس) اور ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی سی جی آئی) کے نمائندے شامل ہیں۔ یہ ٹاسک فورس ویکسین کی تیاری سے متعلق امور پر سبھی وزارتوں کے ذریعے کئے جارہے کاموں میں تال میل بڑھانے کا کام کرے گی۔ اس سے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے ذریعے بین الاقوامی کوششوں کے توسط سے کرائے جارہے ہیں تحقیقی کام کی رفتار میں اضافہ کرنا ممکن ہوگا۔ ٹیکہ تیار کرنے کے لئے بایو ٹیکنالوجی محکمہ بھی ایک نوڈل ایجنسی رہے گا۔ اس کی کوشش ویکسین تیار کرنے کے لئے طریقہ کار کی پہچان پر مرکوز ہوگی۔ ٹاسک فورس کے ذریعے سرکار ویکسین تیار کرنے کی قومی اور بین الاقوامی کوششوں کو آسان بنائے گی، اس پر نظر رکھے گی اور اس کی پیش رفت کی نگرانی کرے گی۔ ٹاسک فورس ’کلینکل کوہارٹ‘ پر توجہ مرکوز کرے گی، جس کا زور بیماری کی بہتر سمجھ اور بندوبست کے لئے لوگوں کی طویل مدتی جانچ پر ہوگا۔
20اپریل 2020 سے غیر متاثرہ علاقوں میں بندشیں کم کی جائیں گی، لیکن ہاٹ اسپاٹ اضلاع میں متاثرہ علاقوں میں کسی بھی طرح کی راحت نہیں دی جائے گی۔ ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مقامی ضرورتوں کی بنیاد پر اضافہ تدابیر کی جاسکتی ہیں۔ وزارت صحت کی رہنما ہدایات کے مطابق انفیکشن والے علاقوں کا ذکر درج ذیل ہے:
- ہاٹ اسپاٹ ایسے علاقے ہیں جہاں بڑی تعداد میں کووڈ-19 کے معاملات سامنے آئے ہیں یا بڑے پیمانے پر بیماری پھیلی ہے۔
- جہاں ایسے معاملات کی تعداد زیادہ ہے یا جہاں ایسے معاملات کے دوگنی ہونے کی شرح 4 دن سے کم ہے۔
ہاٹ اسپاٹ کے اندر، مقامی انتظامیہ بیماری کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے کنٹینمنٹ زون اور بَفَر زون کی نشان دہی کرتی ہے۔
کنٹینمنٹ زون میں ایک مقررہ دائرے میں ضروری خدمات کو چھوڑکر کسی بھی طرح کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کچھ خاص راحت والے علاقوں کے لئے ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں ؍ ضلع انتظامیہ کو یقینی بنانا چاہئے کہ موجودہ لاک ڈاؤن کی تدابیر پر سختی سے عمل ہو اور دفاتر، کام کی جگہوں، کارخانوں اور اداروں میں سماجی دوری سے متعلق ایس او پی کے تحت ابتدائی کارروائیوں پر عمل کیا جائے۔
نافذ العمل معیار کے تحت اگر کچھ مقامات پر معاملات سامنے آئیں تو وہ مقامات بھی ریڈ زون اور کنٹینمنٹ زون (پابندی والے علاقے) کا حصہ بن سکتے ہیں۔ کنٹینمنٹ زون کے لئے انھیں لاک ڈاؤن کی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا چاہئے، جس سے وہ دھیرے دھیرے معمول کی جانب لوٹ سکتے ہیں۔ رعایت حاصل کرنے والے علاقوں کو سبھی ابتدائی کارروائیوں کو یقینی بنانے کے لئے سماجی دوری سے متعلق سبھی ایس او پی پر عمل کرنا ہوگا۔
ابھی تک مرکز اور ریاستی سطح پر کل 2144 کووڈ-19 کے لئے مخصوص اسپتالوں کی نشان دہی کی گئی ہے، جن میں 755 کووڈ مخصوص اسپتال اور 1389 کووڈ مخصوص صحت مراکز (ڈی سی ایچ سی) شامل ہیں۔
ملک میں ابھی تک کل 15712 معاملات درج کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ صحت یابی کے بعد 2231 لوگوں یعنی 14.19 فیصد لوگوں کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
ماہے (پڈوچیری) اور کوڈگو (کرناٹک) میں گزشتہ 28 دنوں سے کوئی بھی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ ملک کی 23 ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایسے 54 اضلاع ہیں، جہاں گزشتہ 14 دنوں سے کوئی نیا معاملہ درج نہیں کیا گیا ہے۔ سابقہ فہرست کے علاوہ، اس میں 10 نئے اضلاع شامل ہوگئے ہیں۔ ان میں جو اضلاع شامل ہوئے ہیں ان میں گیا اور سارن (بہار)، بریلی (اترپردیش)، فتح گڑھ صاحب اور روپ نگر (پنجاب)، بھوانی، حصار، فتح آباد (ہریانہ)، کچھار اور لکھیم پور (آسام) شامل ہیں۔
کووڈ-19 سے متعلق تکنیکی معاملات کے بارے میں سبھی طرح کی معتبر اور تازہ ترین معلومات، رہنما ہدایات اور مشوروں کے لئے برائے کرم برابر https://www.mohfw.gov.in ویب سائٹ دیکھیں۔
کووڈ-19 سے متعلق تکنیکی سوالات technicalquery.covid19@gov.in اور دیگر سوالات ncov2019@gov.in پر ای میل کے ذریعے بھیجے جاسکتے ہیں۔
کووڈ-19 سے متعلق کسی بھی سوالات کے بارے میں برائے کرام صحت و کنبہ بہبود کی وزارت کی ہیلپ لائن نمبر: +91-11-23978046 یا 1075 (ٹول فری) پر رابطہ کریں۔ کووڈ-19 سے متعلق ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ہیلپ لائن نمبروں کی https://www.mohfw.gov.in/pdf/coronvavirushelplinenumber.pdf پر بھی دستیاب ہے۔