صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے بدھ پورنیما کے موقع پر اپنے
پیغام میں لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔ بدھ پورنیما کے مقدس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ میں دنیا بھر میں بھگوان بدھ کے ماننے والوں اور اپنے تمام ہم وطنوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھگوان بدھ کا پیغام ہمیں سچائی، اخوت اور محبت کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرنے کی تحریک دیتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ عدم تشدد کے راستے پر چلنے کی بھی تحریک دیتا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کی زندگی اور نظریات ، مساوات، ہم آہنگی اور انصاف جیسے اقدار میں ہمارے اعتقاد کو اور زیادہ مستحکم کرتا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ہم کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کی شکل میں ایک سنگین بحران کا سامنا کررہے ہیں، ایسے میں ہمیں چاہئے کہ ہم اُن لوگوں کی مدد کے لیے آگے آئیں، جو ضرورت مند ہیں اور لہٰذا ہمیں بھگوان بدھ کے دکھائے ہوئے راستے پر عمل کرنا چاہئے۔میری دعا ہے کہ یہ مقدس تہوار ہمیں بھگوان بدھ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تحریک اور توفیق دے اور ہم سب میں ہم آہنگی کے جذبے کو مستحکم کرے۔