نئی دہلی، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے خلیج بنگال میں بن رہے گردابی طوفان ’’امپھان‘‘ کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے طوفان کے پیش نظر صورتحال کے بارے میں مکمل جانکاری حاصل کی اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپورنس فورس (این ڈی آر ایف) کے ذریعہ جوابی تیاریوں کے ساتھ ساتھ طوفان سے متاثر ہونے والے مقامات کو خالی کرانے کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ریسپونس منصوبے کو پیش کرنے کے دوران این ڈی آر ایف کے ڈی جی نے بتایا کہ زمینی سطح پر این ڈی آر ایف کی 25 ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ 12دیگر ٹیمیں ریزرو میں تیار ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں میں این ڈی آر ایف کی دیگر 24 ٹیمیں تیار ہیں۔
اس میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ ، وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری جنا ب پی کے سنہا ، کابینی سکریٹری جناب راجیو گوبا کے علاوہ حکومت ہند کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔