نئی دلّی: الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنا لوجی کے وزیر جناب روی شنکر پرساد نے بھارت کے دوسرے درجے کے شہروں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے اسٹارٹ اَپ اور سافٹ ویئر مصنوعات کو مزید فروغ دینے کی خاطر اگلی جنریشن کے اسٹارٹ اَپ چیلنج مقابلے ‘‘ چنوتی ’’ کا آغاز کیا ۔ حکومت نے اس پروگرام کے لئے تین سال کی مدت تک 95.03 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا ہے ۔ اس کا مقصد مختلف شعبوں میں کام کرنے والے تقریباً 300 اسٹارٹ اَپس کی نشاندہی کرنا اور انہیں 25 لاکھ روپئے تک کا بنیادی فنڈ اور دیگر سہولیات فراہم کرنا ہے ۔
اس چیلنج کے تحت الیکٹرانک اور آئی ٹی کی وزارت مندرجہ ذیل شعبوں میں اسٹارٹ اَپس کو مدعو کرے گی :
( الف ) عوام کے لئے ایجو – ٹیک ، ایگری – ٹیک اور فِن – ٹیک ۔
( ب ) سپلائی چین ، لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ بندوبست ۔
( ج ) بنیادی ڈھانچہ اور دور دراز کی نگرانی ۔
( د ) طبی حفظانِ صحت ، تشخیص ، بچاؤ اور نفسیاتی دیکھ بھال ۔
( ہ ) ملازمت اور صلاحیت سازی ، لسانی ٹولس اور ٹیکنا لوجی ۔
چنوتی کے ذریعے منتخب کئے گئے اسٹارٹ اَپس کو پورے بھارت میں پھیلے سافٹ ویئر ٹیکنا لوجی پارکس آف انڈیا کے ذریعے حکومت کی طرف سے امداد فراہم کی جائے گی ۔ انہیں پرورش کی سہولیات ، سرپرستی ، ٹسٹ کرنے کی سہولیات ، پونجی کے لئے فنڈنگ ، صنعتی رابطے کے علاوہ قانونی ، انسانی وسائل ، آئی پی آر اور پیٹنٹ کے امور میں مشاورت فراہم کی جائے گی ۔ 25 لاکھ روپئے کے امدادی فنڈ کے علاوہ اسٹارٹ اَپس کو کلاؤڈ کریڈٹ بھی فراہم کیا جائے گا ۔ ہر انٹرن کو ( انکیوبیشن سے پہلے اسٹارٹ اَپس ) کو 6 ماہ تک کے لئے 10000 روپئے ماہانہ ادا کئے جائیں گے ۔
اسٹارٹ اَپس ایس ٹی پی آئی کی ویب سائٹ پر جاکر https://innovate.stpinext.in/ لنک پر کلک کرکے درخواست دے سکتے ہیں ۔
مرکزی وزیر نے بہار کے مظفر پور میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفار میشن ٹیکنا لوجی ( این آئی ای ایل آئی ٹی ) کے ڈجیٹل تربیت اور صلاحیت سازی کے مرکز کے لئے سنگِ بنیاد بھی رکھا ۔ یہ مرکز حکومت ہند کی الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنا لوجی کی وزارت کے ذریعے 9.17 کروڑ روپئے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا ۔ حکومتِ بہار نے اس ادارے کے لئے ایک ایکڑ اراضی فراہم کی ہے ۔ اس مرکز کو ڈجیٹل لیباریٹری کے ساتھ جدید ترین تربیتی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا ۔ اس سینٹر میں او لیول ، سی سی سی ، بی سی سی ، پروگرامنگ اور ملٹی میڈیا ٹریننگ جیسے مختلف کورس کرائے جائیں گے ۔
ورچوول تقریب میں ، جس میں بہار کے نائب وزیر اعلیٰ بھی موجود تھے ، مرکزی وزیر جناب روی شنکر پرساد نے کہا کہ میں بھارت کے نوجوان اور با صلاحیت اختراع کاروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور حکومت کے چیلنج ‘‘ چنوتی ’’ کے فائدے حاصل کریں اور نئے سافٹ ویئر پروڈکٹ اور ایپ تخلیق کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لانچ وزیر اعظم نریندر مودی کی آتم نربھر بھارت کی اپیل کے تحت ایک جرأت مندانہ اقدام ہے ۔