نئی دہلی، ایسی صورت میں جب کہ کووڈ-19 کے معاملات میں اضافہ کے سبب اسپتال کی سہولتیں اور آکسیجن کی سہولت سے لیس بیڈ کم پڑرہے ہیں، مغربی بحری کمان (ڈبلیو این سی) کے تحت آنے والے بحریہ کے تین اسپتال یعنی آئی این ایچ ایس جیونتی، گوا، آئی این ایچ ایس پتنجلی، کروار اور آئی این ایچ ایس سندھانی، ممبئی نے شہری انتظامیہ کے استعمال کے لئے چند کووڈ آکسیجن بیڈ تیار رکھے ہیں۔
ممبئی میں، بنیادی سہولتیں دستیاب کرانے کے لئے بحریہ کے احاطہ کے اندر مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ مہاجر مزدور اپنے آبائی قصبوں کی طرف کوچ کرنے کے لئے مجبور نہ ہوں۔ بحریہ کی انتظامیہ شہری انتظامیہ کے مسلسل رابطے میں ہے اور درخواست کئے جانے کی صورت میں کسی بھی طرح کی کووڈ ہنگامی مدد کے لئے سبھی تیاریاں کررکھی ہیں۔
اسی طرح سے کروار میں واقع بحریہ کی انتظامیہ نے تقریباً 1500 مہاجر مزدوروں کی مدد کے لئے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ اس سلسلے میں ضروری اشیاء، راشن اور بنیادی صحت نگہداشت سہولتوں کی سپلائی کی گئی ہے۔ آئی این ایچ ایس پتنجلی ہنگامی صورت حال میں شہری کووڈ مریضوں کو قبول کرنے کے لئے تیار ہے۔ آئی این ایچ ایس پتنجلی مسلح افواج کا پہلا ایسا اسپتال ہے جس میں گزشتہ سال سویلین کووڈ -19 پوزیٹیو مریضوں کے علاج و معالجے کا کام انجام دیا تھا۔
گوا میں بحریہ کی ٹیموں نے کووڈ-19 کی پہلی لہر کے درمیان کمیونٹی کچن قائم کیا تھا اور ضرورت پڑنے پر ایسی ہی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔ آئی این ایچ ایس جیونتی میں سویلین کے لئے کچھ کووڈ آکسیجن بیڈس کا انتظام کرنے کے علاوہ گوا نیول ایریا ہیڈ کوارٹر ، شہری انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی طرح کی درخواست ملنے پر شہری اسپتالوں میں آکسیجن کا انتظام کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
گجرات نول ایریا نے شہری انتظامیہ کو کووڈ سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی اہم میڈیکل اسٹور / ساز و سامان کے نقل و حمل، غریبوں کے لئے کمیونٹی کچن کے قیام اور ضرورت پڑنے پر دیگر تکنیکی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
فی الحال بحریہ کے سبھی اسپتال صحت و کنبہ بہبود کی وزارت کی رہنما ہدایات کے مطابق برسرکار عملہ اور ان کے منحصرین کے ساتھ ساتھ ڈیفنس سویلین اور ان کے منحصرین کی ٹیکہ کاری کا کام انجام دے رہے ہیں۔ 18 سال یا اس سے اوپر کی عمر ہونے پر یکم مئی 2021 سے ٹیکہ کاری سہولتوں کی سول آبادی تک توسیع کئے جانے کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ممبئی میں آئی این ایچ ایس اشونی نے قلیل مدتی نوٹس پر تعیناتی کے لئے کمپوزٹ ٹیمیں تیار کی ہیں جن میں ایسے میڈیکل اور نان میڈیکل افراد شامل ہیں جنھیں ڈی جی اے ایف ایم ایس کی ہدایت میں ملک کے مختلف حصوں میں کووڈ کیئر کے لئے قائم کئے گئے اسپتالوں میں افراد کی دستیابی کے لئے بیٹل فیلڈ نرسنگ اسسٹینٹ کے طور پر ٹریننگ دی گئی ہے۔
ایسی صورت میں جب کہ کمان کووڈ کی صورت حال سے نمٹنے کے لئے سول ایڈمنسٹریشن کو ہر ممکنہ مدد دینے کے لئے تیار ہے، آپریشنل نیول یونٹوں کی تعیناتی کا کام بھی جاری ہے، تاکہ بحری علاقے میں سکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔ حالیہ دنوں میں ڈبلیو این سی یونٹوں نے دوستانہ تعلقات والی بحریاؤں کے ساتھ مشقوں میں حصہ لیا ہے، جن میں حال ہی میں اختتام پذیر ہوئی مشق ’ورون 21‘ شامل ہے جو فرانسیسی بحریہ کے ساتھ انجام دی گئی۔ اس طرح کی سرگرمیوں میں منگلور کے ساحل سے دور انجام دیا گیا سرچ اور ریسکیو آپریشن شامل ہے، جس میں کامیابی کے ساتھ بڑی مقدار میں ڈرگ ضبط کئے گئے، جنھیں سمندر کے راستے اسمگل کیا جارہا تھا۔ بحری عملہ قذاقی مخالف گشتوں میں بھی مصروف عمل رہا تاکہ بحر عرب میں چلنے والے بھارتی تجارتی جہازوں کو یقین و اعتماد دلایا جاسکے۔