نئی دلّی: وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 27 مئی ، 2021 ء کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ‘‘ سروسز ای ہیلتھ اسسٹنس اینڈ ٹیلی کنسلٹیشن ( صحت ) او پی ڈی پورٹل ’’ کا آغاز کیا۔ یہ پورٹل مسلح افواج کے اہلکاروں ، سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو ٹیلی میڈیسن خدمات فراہم کرتا ہے۔ ویب سائٹ https://sehatopd.in/ پر اندراج کرکے ان خدمات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ یہ صحت کی اعلیٰ خصوصیات کے ساتھ ہیلتھ او پی ڈی پورٹل کا حتمی ورژن ہے۔ اس کا آزمائشی ورژن اگست ، 2020 ء میں لانچ کیا گیا تھا۔ فوجی کے ڈاکٹروں کے ذریعہ بیٹا ورژن پر 6500 سے زیادہ طبی مشاورت پہلے ہی کی جاچکی ہیں ۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے فوجی امور کے محکمے (ڈی ایم اے) ، مسلح افواج طبی خدمات (اے ایف ایم ایس) ، مربوط دفاعی عملہ (آئی ڈی ایس) ، موہالی میں مصنوعی کمپیوٹنگ کے فروغ کےسینٹر (سی-ڈی اے سی) اور اس پورٹل کو فروغ دینے میں شامل دیگر اداروں کی ، یہ کہتے ہوئے ستائش کی کہ اس سے حکومت کے ڈیجیٹل انڈیا اور ای – حکمرانی کے عہد کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ یہ ہمیشہ سے ہماری کوشش رہی ہے کہ ہم اپنے شہریوں کو بہتر ، تیز اور شفاف سہولیات فراہم کریں۔ وزیر دفاع نے صحت او پی ڈی پورٹل کو جدت طرازی کی ایک عمدہ مثال قرار دیا ، خاص طور پر ایسے وقت میں ، جب کہ ملک کووڈ – 19 وباء سےنمٹ رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پورٹل سے اسپتالوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی اور مریض آسان اور موثر انداز میں رابطے سے پاک مشاورت حاصل کرسکیں گے۔
وزیر دفاع نے اے ایف ایم ایس پر زور دیا کہ وہ اس پورٹل میں ماہر ڈاکٹروں کو شامل کرنے پر غور کریں اور فوج کے عملے کے گھروں میں دواؤں کی ترسیل کی خدمات کو شامل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اضافی خدمات مہیا ہوں گی اور مسلح افواج کے اہلکاروں کو زیادہ سے زیادہ راحت مل سکے گی۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے مشورہ دیا کہ خدمات کی بہتر فراہمی کے لئے فائدہ اٹھانے والے افراد سے باقاعدہ رائے لی جانی چاہیئے ۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے کووڈ – 19 کی دوسری لہر کے دوران دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) اور مسلح افواج کےرول کی ستائش کی ۔ انہوں نے دلّی ، لکھنؤ ،گاندھی نگر اور وارانسی سمیت ملک کے مختلف مقامات پر ڈی آر ڈی او کے ذریعے قائم کئےجانےوالے کووڈ اسپتالوں اور آکسیجن بنانے والے پلانٹس کے قیام کےساتھ ساتھ وائرس سےلڑنے کے لئے 2 – ڈی جی دوا تیار کرنے کا ، خاص طور پر ذکر کیا ۔ انہوں نے کووڈ اسپتالوں میں اضافی طبی ماہرین کی تعیناتی اور معاملات میں اضافے سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے اے ایف ایم ایس کی ستائش کی ۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے ملک کے مختلف حصوں اور بیرونی ملکوں سے آکسیجن اور دیگر اہم طبی ساز و سامان وقت پر پہنچانے کے لئے انتھک کام کرنے پر بھارتی فضائیہ اور بھارتی بحریہ کی تعریف کی ۔ انہوں نے ، اُن پر زور دیا کہ جب تک کووڈ – 19 کےخلاف جنگ میں فتح حاصل نہ ہو ، انہیں اپنی کوششوں میں کمی نہیں کرنی چاہیئے ۔
اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کرمبیر سنگھ ، چیف آف آرمی اسٹاف ، جنرل ایم ایم نروانے ، دفاع کے سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار ، اے ایف ایم ایس کے ڈی جی ، سرجن وائس ایڈمرل رجت دتہ ، ڈپٹی چیف آئی ڈی ایس (میڈیکل) لیفٹیننٹ جنرل مادھوری کنیٹکر اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر سول اور فوجی افسران موجود تھے۔