نئی دہلی: سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)؛ ارضیاتی سائنسز کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)؛ نیز وزیر اعظم کے دفتر، عملے، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج شام اعلان کیا کہ وبائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کووڈ کیسز کی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ جانچ کے بعد متاثر پائے جانے والے افرادکی شرح میں کمی کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کل سے دفتر میں مکمل حاضری دوبارہ شروع کر دی جائے گی اور تمام سطح پر ملازمین بغیر کسی استثنیٰ کے 7 فروری 2022 سے باقاعدہ دفتر میں حاضر ہوں گے۔
وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ تاہم محکموں کے سربراہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملازمین ہر وقت چہرے پر ماسک پہنیں اور کووڈ کے موافق رویے کی پابندی کرتے رہیں۔
یہ پہلے کے سرکلر کی منسوخی ہے جس کے مطابق 50 فیصد دفتر کی حاضری کے اصول کو 15 فروری تک بڑھا دیا گیا تھا۔ لیکن متعلقہ کوارٹرس سے معلومات حاصل کرنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ برائے عملہ و تربیت (ڈی او پی ٹی) کی جانب سے ایک تازہ او ایم (آفس میمورنڈم) جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام سطح پر تمام ملازمین بغیر کسی استثنیٰ کےکل یعنی 7 فروری 2022 سے دفتر میں رپورٹ کریں گے۔ اب کسی بھی ملازم کے لیے ‘‘گھر سے کام کرنے’’ کا اختیار نہیں ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ ڈی او پی ٹی نے 3 جنوری 2022 کو ایک آفس میمورنڈم (او ایم) کے ذریعے کچھ رہنماخطوط جاری کیے تھے اور وبائی صورتحال کے لحاظ سے وقتاً فوقتاً ان کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔
بعد کے جائزے میں ان رہنما خطوط کو 15 فروری تک بڑھانا مناسب سمجھا گیا تھا۔ انڈر سکریٹری کی سطح سے کم سرکاری ملازمین کی جسمانی طور پر حاضری کو اصل گنجائش کے 50 فیصد تک محدود کر دیا گیا تھا اور باقی 50 فیصد کو گھر سے کام کرنے کو کہا گیا تھا۔ اس کے علاوہ معذور افراد اور حاملہ خواتین ملازمین کو دفتر میں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔ گھر سے کام کرنے والے افسران اور عملے کو ٹیلی فون اور مواصلات کے دیگر ذرائع پر ہمہ وقت دستیاب رہنے کو کہا گیا تھا۔
دریں اثنا پچھلے مہینے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایک ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا اور گھر سے کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ ساتھ ان لوگوں سے بھی بات کی جو کووڈ کی جانچ میں کووڈ سے متاثرہ پائے گئے تھے۔ انہوں نے ان کی خیریت دریافت کی اور ان سے آراء اور تجاویز بھی طلب کیں۔
تاہم اب سابقہ سرکلر کو منسوخ کرتے ہوئے جس کے مطابق 50 فیصد دفتری حاضری کے اصول کو 15 فروری تک بڑھا دیا گیا تھا، محکمہ برائے عملہ و تربیت (ڈی او پی ٹی) کی طرف سے ایک تازہ او ایم (آفس میمورنڈم) جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام سطح پر ملازمین بغیر کسی استثنیٰ کے کل یعنی 7 فروری 2022 سے دفتر میں رپورٹ کریں گے۔ اب کسی بھی ملازم کے لیے ‘‘گھر سے کام کرنے’’ کا اختیار نہیں ہوگا۔