نئی دہلی، ؍فروری،وزارت اطلاعات ونشریات کی میڈیا اکائی، پبلی کیشن ڈویژن اور سستا ساہتیہ منڈل (ایس ایس ایم) نے جدوجہد آزادی کے سورماؤں، ثقافتی رہنماؤں نیز ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے والی دیگر اہم شخصیات پر مشترکہ کتب کی اشاعت کے مقصد سے ایک مفاہمتی عرضداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ معاہدہ دونوں اداروں کے مابین ایک مشترکہ پہل قدمی ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان نسل کو بھارت کی مالا مال اور گوناگوں ثقافتی اقدار روایات اور تاریخ سے واقف کرایا جاسکے۔ اس کے ذریعے گوناگوں موضوعات پر عوام کو اچھا ادب دستیاب ہوسکے گا اور اس کام کو فروغ ملے ۔ وزارت اطلاعات ونشریات کے سکریٹری جناب اجے متل، ایس ایس ایم سکریٹری پروفیسر اندرناتھ چودھری، پبلی کیشنز ڈویژن کی اے ڈی جی، ڈاکٹر سادھنا راؤت، وزارت اطلاعات ونشریات کے جوائنٹ سکریٹری جناب مِہر کمار سنگھ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مذکورہ مفاہمتی عرضداشت کے تحت 20 کتابوں کا ایک سیٹ شائع کیا جانا ہے جس میں سے 10 کتابیں دونوں اداروں میں سے ہر ایک ادارے کے کیٹلاگ سے منتخب کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 10 چھوٹی نئی کتابوں کے ایک سیٹ کو بھی حتمی شکل دی جائے گی جو جدوجہد آزادی ، بھارتی ثقافت اور اخلاقیات اور اقدار کے موضوعات سے متعلق ہوں گی اور ان کتب کی بھی مشترکہ اشاعت عمل میں آئے گی۔ اس انتظام سے دونوں اداروں کو اپنا دائرہ عمل بڑھانے میں مدد ملے گی اور دونوں ادارے ایک دوسرے کے اداروں کے ذریعے شائع کی گئی کتابوں کو اپنے یہاں ڈسپلے میں رکھ سکیں گے اور ان کو فروخت بھی کرسکیں گے۔ مذکورہ مفاہمتی عرضداشت دستخط کئے جانے کی تاریخ سے آئندہ تین برسوں تک نافذ العمل رہے گی جسے باہمی اتفاق سے مزید توسیع دی جاسکے گی۔ منتخبہ 20 کتابوں کی فہرست درج ذیل ہے:
ایس ایس ایم ایک ٹرسٹ ہے جس کا قیام 1925 میں مہاتماگاندھی کے ذریعے عمل میں آیا تھا اور اس کا مقصد ہندی زبان میں اعلیٰ درجے کے ادب کی اشاعت کو فروغ دینا تھا تاکہ واجبی قیمت پر اسے عوام کو دستیاب کرایا جاسکے۔ اپنے قیام کے بعد سے لے کر اب تک ایس ایس ایم بھارتی ثقافت، ورثے، بھارتی رزمیات اور قصص وحکایات کے موضوع پر 2500 سے زائد کتابیں شائع کرچکا ہے ، ساتھ ہی اس ٹرسٹ نے بڑی تعداد میں بچوں کیلئے بھی ادبی مواد فراہم کیا ہے تاکہ بچوں میں انسانی زندگی کی اقدار اور ملک نیز بنی نوع انسانیت کے تئیں لگاؤ اور اُنسیت پیدا کی جاسکے۔