نئی دہلی۔21؍فروری۔نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم حامد انصاری نے کہا ہے کہ بھارت ۔ روانڈا جدید کاری نموپروگرام کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدیدکاری ربط وضبط کو فروغ دینے کیلئے شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ایک ایسے معیشت حیوانات کے نظام کو فروغ دینا ہے جس میں بھارتی جدید کاری اور جدت طرازی پر مبنی ٹیکنالوجیوں سے وابستہ صنعتیں آگے بڑھ کر کاروباری سلسلے کو دونوں ملکوں میں فروغ دینے میں مدد دیں گی۔ نائب صدر جمہوریہ ہند فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور روانڈا ترقیاتی بورڈ کے ذریعے مشترکہ طور پر منعقدہ بھارت۔ روانڈا تجارتی فورم سے کیگالی، روانڈا میں خطاب کررہے تھے۔ روانڈا کے وزیراعظم جناب انستاسے مُرکیزی اور دیگر عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ روانڈا نے 1994 کے بدبختانہ قتل عام کو پیچھے چھوڑ کر مؤثر اور صاف ستھرے شہر کیگالی پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے اور اس شہر نے زبردست ترقی کی ہے اور اب یہ ملک ترقی اور خوشحالی کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روانڈا آج سرمایہ کاروں ،قابل احیاء توانائی سمیت بنیادی ڈھانچے ، زراعت ، کانکنی ، سیاحت اور اطلاعاتی اور مواصلاتی ٹیکنالوجی وغیرہ کے شعبے میں گوناں گوں اور مختلف النوع امکانات کا حامل ملک بن گیا ہے۔ جناب انصاری نے کہا کہ بھارت اور روانڈا کے مابین تجارت گزشتہ چند برسوں کے دوران آہستہ آہستہ آگے بڑھی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ روانڈا کے بہت سے افراد نے طبی علاج ومعالجے کے سلسلے میں بھارت کا سفر کیا ہے اور وہاں سے مطمئن لوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت روز افزوں طور پر روانڈا کے طلباء کے لیے ترجیحاتی ملک بنتا جارہا ہے کیوں کہ یہاں کی تعلیم کی کوالٹی ان کے لئے بہتر ہے اور واجبی قیمت پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظریات اور خیالات کوعملی شکل دینے کے سلسلے میں کھوج، ترقی اور بہم رسانی کے تین اصولوں کو اپنانا ہوگا ۔ ہم اب روانڈا میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کیلئے کمربستہ ہیں اور ساتھ ہی افریقہ کے دیگر شراکت داروں کے ساتھ بھی اپنے تجربوں کا تبادلہ کرنا چا ہتے ہیں تاکہ جدت طرازی پر مبنی معیشت کا راستہ ہموار ہوسکے۔