نئی دلّی ، 21فروری / تجارت و صنعت کی وزیر محترمہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ خواتین کو با اختیاربنا نے کے اقدامات اور پروگراموں کی ہمہ گیریت سب سے بڑی چنوتی ہے ۔ آج نئی دلّی میں خواتین کو اقتصادی لحاظ سے با اختیاربنانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ لانچ کرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ پہلے زمین ہموار کرنی پڑتی ہے ، اُس کے بعد ہی کوئی نتیجہ سامنے آتا ہے ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ ’ بیٹی بچاؤ ۔ بیٹی پڑھاؤ ‘ ، ’ اِسٹارٹ اَپ انڈیا ‘ اور ’ مُدرا ‘ جیسے پروگراموں نے کافی فرق ڈالا ہے اور اقتصادی تفویض اختیارات میں بھی اِن کا تعاون محسوس کیا جا سکتا ہے ۔ محترمہ نرملا سیتا رمن نے کہاکہ اُجولا یوجنا نے دھوئیں سے پاک چولہے فراہم کرکے خواتین کی صحت سدھارنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔
وز یر موصوفہ نے کہا کہ جن دھن یوجنا اور فوائد کی براہ راست منتقلی کے ساتھ حکومت حتمی طور پر اقتصادی ترقی لانے کے لئے کوشاں ہے ۔ وزیر موصوفہ نے زور دے کر کہا کہ غیر اقتصادی اقدامات مثلاً خواتین کی سلامتی اور اُن سے متعلق قانونی معاملات کو بھی خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے ، شانہ بہ شانہ لے کر چلنا ہو گا اور اُن پرتوجہ مرکوز کرنی ہو گی ۔