نئی دہلی، 15 مارچ / آبی وسائل ، دریاؤں کی ترقی اور گنگا با زآبادکاری کی وزارت نے نئی دہلی میں 17مارچ 2017 کو ہندستانی دریاؤں میں تلچھٹ بندوبست سے متعلق قومی سمینار کا اہتمام کیا ہے۔ اس ایک روزہ سمینار میں متعدد ماہرین شرکت کریں گے جن میں این جی آر بی اے کے ایکسپرٹ رکن ڈاکٹر ایم اے چتالے ، آئی آئی ٹی کانپور کے پروفیسر ونود تارے، آئی آئی ٹی دہلی کے پروفیسر اے کے گوسائن ، پنے میں واقع سی ڈبلیو پی آر ایس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم کے سنہا کے نام شامل ہیں۔ کانفرنس کا افتتاح آبی وسائل، دریاؤں کی ترقی اور گنگا باز آباد کاری کی مرکزی وزیر محترمہ اوما بھارتی کریں گی۔
قابل ذکر ہے کہ آبی وسائل، دریاؤں کی ترقی اور گنگا باز آباد کاری کی مرکزی وزیر محترمہ اوما بھارتی نے یہ خیال ظاہر کیا تھا کہ ہندستانی دریاؤں میں تلچھٹ بندوبست سے متعلق ایک جامع پالیسی بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جانے چاہئے۔ وزارت کا خیال ہے کہ اس طرح کی جامع پالیسی متعلقین کے ساتھ وسیع تبادلہ خیال کے بعد ہی وضع کی جاسکتی ہے۔ سلٹیشن اور ڈریجنگ سمیت دریاؤں میں تلچھٹ بندوبست کی جانب پچھلے کچھ وقتوں سے لوگوں کی توجہ مبذول ہورہی ہے۔ سیلاب ، ماحولیات ، دریاؤں کی صحت اور کشتی رانی پر پڑنے والے اس کے سنگین اثرات کی وجہ سے دریاؤں میں تلچھٹ بندوبست سے متعلق جامع پالیسی سازی ضرورت کو مبالغہ آرائی سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔