نئی دہلی،سووچھ بھارت مشن کے تحت پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی وزارتی کی ایک مہم سووچھ آئیکانک پلیسز (ایس آئی پی یعنی صاف ستھرے تمثیلی مقامات) سے متعلق دوسری سہ ماہی جائزہ میٹنگ کا انعقاد آج جموں و کشمیر کے کٹرہ ضلع میں واقع ماتا ویشنو دیوی شرائن میں ہوا۔ دس سووچھ آئیکانک پلیسز پہلے ہی سے پہلے مرحلے میں کارروائی منصوبوں کو نفاذ کررہے ہیں۔
میٹنگ میں جموں وکشمیر کے گورنر جناب این این ووہرا ، دیہی ترقیات، پنچایتی راج اور پینے کے پانی و صفائی ستھرائی کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر، مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جموں و کشمیر کے وزیر مملکت جناب اجے نندا، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی وزارت کے سیکریٹری جناب پرمیشورن ایر اور پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی وزارت ، شہری ترقیات کی وزارت، سیاحت کی وزارت، ثقافت کی وزارت، ریاستوں، اس اسکیم سے وابستہ پی ایس یو(سرکاری زمرے کی کمپنیاں) و دیگر بلدیاتی اداروں کے سینئر اہلکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر جناب نریندر سنگھ تومر نے اعلان کیا کہ سووچھ آئیکانک پلیسز مہم کے دوسرے مرحلے کے تحت 10 نئی آئیکانک پلیسز کو شامل کیا جارہا ہے۔ یہ 10 نئی آئیکانک جگہیں، جو سووچھتا اور وزیٹر سہولیات کے اعلی تر معیارات کے تحت لائی جائیں گی، ان میں درج ذیل شہر شامل ہیں:
1۔ گنگوتری، 2۔یمنوتری، 3۔ مہا کالیشور مندر، اجین، 4۔ چار مینار، حیدرآباد، 5۔ چرچ اینڈ کانوینٹ آف سینٹ فرانسز آف اسیسی، گوا، 6۔ ارنا کلم کے کلاڈی میں واقع آدی شنکرا چاریہ کی قیام گاہ، 7۔شرون بیلبولا میں واقع گومتیشور، 8۔ دیوگھر میں واقع بیج ناتھ دھام، 9۔ بہار میں واقع گیا تیرتھ اور 10۔ گجرات میں واقع سومناتھ مندر۔
جو 10 آئیکانک مقامات پہلے مرحلے میں شامل ہیں، وہ ہیں، 1۔ اجمیر شریف درگاہ، 2۔ سی ایس ٹی ممبئی، 3۔گولڈن ٹیمپل، امرتسر، 4۔کاماکھیا ٹیمپل، آسام،5۔میکرنکا گھاٹ، بنارس،6۔میناکشی ٹیمپل، مدورئی، 7۔شری ماتا ویشنو دیوی، کٹرہ، جموں و کشمیر،8۔شری جگن ناتھ مندر، پوری، 9۔تاج محل، آگرہ،10۔ تروپتی مندر، ترومالا۔
جناب تومر نے سووچھ بھارت مشن کے تحت ہوئی پیش رفت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے صفائی ستھرائی کے معاملے میں قابل ذکر اور تیزی کے ساتھ پیش رفت کی ہے جو بڑھ کر 64 فیصد ہوگئی ہے جبکہ 1.92 لاکھ گاؤں کھلے میں رفع حاجت سے پاک بن گئے ہیں۔
جموں و کشمیر کے گورنر جناب این این ووہرا نے ایس آئی پی کے کارروائی منصوبے کا خلاصہ جاری کیا اور اپنی تقریر میں انہوں نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ (ایس ایم وی ڈی ایس بی) کی حصولیابیوں کو اجاگر کیا اور کچرا بندوبست کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو ایس آئی پی مہم کے تحت خصوصی تکنیکی تعاون کی ضرورت ہے۔
ریاستی حکومت نے جموں و کشمیر کے ریسی بلاک کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک بلاک قرار دیا۔مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور جموں وکشمیر کے وزیر مملکت جناب اجے نندا نے ریسی کے ضلع اور بلاک اہلکاروں کو نوازا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سووچھ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے عوامی بیداری اور لوگوں کے رویے میں تبدیلی کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر جناب تومر نے کٹرہ شہر میں دو واٹر اے ٹی ایم کا افتتاح کیا۔
این ڈی ڈبلیو ایس کے سکریٹری نے پہلی دو سہ ماہی سے متعلق ایس آئی پی اسٹیٹ رپورٹ پیش کی اور پہلے مرحلے میں شامل مقامات کے ذریعہ صفائی ستھرائی اور ان جگہوں تک رسائی کو بہتر بنانے کی سمت میں کئے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اس سے قبل جموں و کشمیر کے گورنر جناب این این ووہرا نے دو سہ ماہی کے دوران ایس ایم وی ڈی بی کے ذریعہ کی گئی پیش رفت اور ایس آئی پی کے تحت رواں اور مجوزہ پروجیکٹوں سے متعلق تفصیلی کارروائی منصوبے کا جائزہ لیا ۔
ایم ڈی ڈبلیو ایس کے سکریٹری کی قیادت میں مرکزی وفد نے شری ماتا یشنو دیوی ٹمپل شرائن کے راستے میں پڑنے والے اور خود اس مندر میں صفائی ستھرائی اور سہولتوں سے متعلق بنیادی ڈھانچوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے مندر میں لگائی گئی ریورس وینڈنگ مشین کا افتتاح بھی کیا۔جناب ایر نے ایس آئی پی کے تحت مندر کو ہر طرح کے تعاون اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
10 comments