نئی دہلی،۔ وزیر اعظم نے آج پرواسی بھارتیہ کیندر میں نیتی آیوگ کے ذریعے ‘‘تبدیلی کے علمبردار’’اقدام کے موضوع پر منعقدہ پروگرام میں نوجوان صنعت کاروں کے ساتھ گفت و شنید کی۔
نوجوان صنعت کاروں کے 6 گروپوں نے مختلف موضوعات پر وزیر اعظم کے سامنے پریزنٹیشن دیا۔ جن موضوعات پر پریزنٹیشن دیا گیا ان میں سافٹ پاور: انکریڈیبل انڈیا 2.0، تعلیم اور فروغ ہنر مندی ، صحت اور غذائیت ، ایک پائیدار کل کو تقویت دینا اور ڈیجیٹل انڈیا ، 2022 تک نیو انڈیا شامل ہے۔
صنعت کاروں کے ذریعے دیئے گئے پریزنٹیشن میں پیش کئے گئے نئے خیالات اور جدت طرازی کی ستائش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں سماجی سرگرمیوں سے بڑے پیمانے پر لوگوں کی ضرورتوں کی تکمیل ہوتی رہی ہے اور یہ سرگرمیاں سماج کی مشہور و معروف شخصیات کے ذریعے انجام دی گئیں۔
وزیر اعظم نے ‘‘تبدیلی کے علمبردار’’اقدام کو قوم اور سماج کی بھلائی کے لئے مختلف طرح کی قوتوں کو ساتھ لانے کی ایک کوشش قرار دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس اقدام کو آگے بڑھایا جانا چاہئے اور بہترین ممکنہ طریقے سے اسے ادارہ جاتی شکل دی جانی چاہئے۔ایک ممکنہ طریقہ یہ ہوسکتا ہے کہ آج جن گروپوں نے پریزنٹیشن دیا ہے انہیں مرکزی حکومت کے متعلقہ محکموں اور وزارتوں سے جوڑا جائے۔
انہوں نے پدم ایوارڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیسے سماج کے گمنام ہیروز کو پہچان دلانے کے لئے چیزوں میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت کی سینئر افسروں پر مشتمل ٹیم لوگوں کی فلاح وبہبود کے نئے مواقع اور طریقے ڈھونڈنے کی آرزومند ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ گروپوں میں تصور گری کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو وہ حکمرانی کے کاز کو آگے بڑھانے کے عمل میں بہت آگے جا سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعے بہت سی چھوٹی موٹی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے قابل ذکر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزات کی بذات خود توثیق کی سہولت دینا عام لوگوں پراعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت کی گروپ سی اور گروپ ڈی کی ملازمتوں کے لئے انٹرویو کو ختم کردینے کے فیصلے کا بھی ذکر کیا ۔ جناب نریندر مودی نے کہا کہ آج ہر خلا کو پُر کرنے کے لئے ایک‘‘ایپ’’ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانی کے عمل میں بڑی تبدیلی لانے کے لئے ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کو فروغ دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی معیشت کو پروان چڑھانے کے لئے غیر ارتکازی ڈھانچے اہم ہیں۔ اس تناظر میں یکسر تبدیلی کے عمل کو تقویت پہنچانے کے لئے اسٹارٹ اپس پروگرام کے رول کا ذکر کیا ۔
وزیر اعظم نے سماج میں اچھے اساتذہ کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں ٹیکنالوجی گرانقدر کردار ادا کرسکتی ہے۔ وزیر اعظم نے صنعت کاروں کو رغبت دلائی کہ وہ اپنے ملازمین کے درمیان حکومت کی سماجی فلاح وبہود سے متعلق اسکیموں کو فروغ دینے کی سمت میں کام کریں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ نیو انڈیا کی تعمیر کروڑوں عام شہریوں کی کوششوں سے ہی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اس کوشش میں شامل ہونے کی صنعت کاروں کو دعوت دی۔
متعدد مرکزی وزراء ، نیتی آیوگ کے نائب صدر جناب اروند پنگڑیاا ور مرکزی حکومت کے سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔اس تقریب کی نظامت نیتی آیوگ کے سی ای او جناب امیتابھ کانت نے کی۔
2 comments