نئی دہلی، داخلی امور کے وزیر مملکت جناب کرن ریجیجو نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نے ایک مضبوط جرائم اور جرائم کی ٹوہ لگانے والا ٹریکنگ نیٹ ورک اور نظام ( سی سی ٹی این ایس ) شروع کیا ہے ، جو قومی سلامتی کے سلسلے میں ایک بڑا اور اہم قدم ہے ۔ جناب کرن ریجیجو آج یہاں دسویں سالانہ سائبر اور نیٹ ورک سلامتی سربراہ ملاقات کا افتتاح کرنے کے بعد حاضرین سے خطاب کر رہے تھے ۔ موصوف نے کہا کہ ہمارے ملک میں قانون کی حکمرانی ہے نہ کہ قانون ہم پر حکمراں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں تانا شاہی ہے ، وہاں نفاذ کا کام آسان ہوتا ہے تاہم یہاں شہریوں میں بیداری لایا جانا بہت ضروری ہے ۔
نجی شعبے کو سائبر سلامتی کے شعبے میں حکومت کےساتھ تعاون کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جناب کرن ریجیجو نے کہا کہ ڈجیٹل عہد آ گیا ہے اور اب ڈجیٹل معیشت سے کنارہ کشی نہیں کی جا سکتی ۔ جدید زندگی کا ہر پہلو سائبر دنیا سے مربوط ہے ، خواہ وہ صحت ہو یا بینکنگ یا ٹیکسیشن ، ہر جگہ ڈجیٹل سسٹم کا بول بالا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ نقدی کے بغیر معیشت ایک حقیقت ہے اور ہم جتنا زیادہ سے زیادہ سائبر دنیا سے جڑتے جائیں گے ، ہمیں اتنے ہی زیادہ سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ سائبر حملے کے امکانات کے تئیں خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حملہ معیشت کو مفلوج بھی کر سکتا ہے ۔ جناب ریجیجو نے کہا کہ ہمیں اسی سائبر دنیا میں زندہ رہنا ہو گا تاہم اس کے ساتھ ہی ساتھ ہمیں اپنی قومی سلامتی اور شناخت کی حفاظت بھی کرنی ہو گی ۔
نجی صنعت کو بھارتی زبانوں کو فروغ دینے کی ترغیب دیتے ہوئے جناب ریجیجو نے کہا کہ مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ انگریزی زبان پر سائبر حملے کا خطرہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے اور یہ بات دلچسپ ہوگی کہ کس طرح سے دیگر غیر ملکی زبانیں مثلاً چینی زبان سائبر خطرات کا سامنا کر رہی ہے ۔
اپنی تقریر میں نیشنل سائبر سکیورٹی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گلشن رائے نے کہا کہ سائبر سلامتی بڑی اہمیت حاصل کر گئی ہے کیونکہ دنیا بھر میں بنی نوع انسان کو سائبر جنگ کے خطرات در پیش ہیں اور صرف کوریا جزیرۂ نما نیو کلیائی خطرے سے گھرا ہوا ہے ۔ تاہم روایتی یا نیو کلیائی جنگ کے اثرات جغرافیائی لحاظ سے مقامی نوعیت کے ہوتے ہیں ۔ اس کے بر عکس سائبر جنگ سینکڑوں ممالک کو متاثر کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لفظ سائبر آج ہماری زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ ہے اور مختلف نظام اثر انگیزی اور پیداواریت کے معاملے میں اس کے مرہونِ منت ہیں ۔
اس موقع پر جناب کرن ریجیجو نے ‘‘ ملک کے سائبر اسپیس کو محفوظ بنانا ’’ کے موضوع پر ایسوچیم کی ایک نالج رپورٹ بھی جاری کی۔