نئی دہلی، محترمہ نرملا سیتا رمن کل نئی دلّی کے ساؤتھ بلاک میں وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالیں گی ۔ وہ سابق وزیر دفاع جناب ارون جیٹلی سے چارج لیں گی ۔ واضح رہے کہ جناب ارون جیٹلی کے پاس مارچ ، 2017 ء سے وزارتِ دفاع کا اضافی چارج تھا ۔ محترمہ نرملا سیتا رمن ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر دفاع ہوں گی ۔ محترمہ نرملا سیتا رمن کی پیدائش 18 اگست ، 1959 ء کو مندروں کے شہر مدورئی ( تمل ناڈو ) میں ہوئی تھی ۔ انہوں نے ترو چرا پلّی میں واقع سیتا لکشمی راما سوامی کالج سے معاشیات کے مضمون میں گریجویشن کی ۔ بعد ازاں ، نئی دلّی میں واقع جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے اکنامکس میں ماسٹر ڈگری حاصل کی ۔ ہند – یوروپ کے مابین کپڑے کی تجارت اُن کے پی ایچ ڈی کے مجوزہ مقالہ کا عنوان تھا ۔
محترمہ سیتا رمن نے لندن میں واقع ایگریکلچرل انجینئرس ایسوسی ایشن یو کے میں ایک ماہر معاشیات کے معاون کے طور پر کام کیا ۔ اس کے بعد پرائس واٹر ہاؤس ، لندن کے ساتھ سینئر مینجر ( تحقیق اور تجزیہ ) کی حیثیت سے کام کیا ۔ اِس دوران انہوں نے بی بی سی ورلڈ سروس کے ساتھ بھی کام کیا ۔
ہندوستان واپس آنے کے بعد انہوں نے حیدر آباد کے سینٹر فار پبلک پالیسی اسٹڈیز میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کیا ۔ تعلیم میں اپنی دلچسپی کی وجہ سے انہوں نے حیدر آباد میں ایک شہرت یافتہ اسکول ( پرناوا ) کے لئے سنگ بنیاد رکھا ۔ 05-2003 ء کے دوران وہ خواتین کے قومی کمیشن کی رکن رہیں اور خواتین کو با اختیار بنانے سے متعلق متعدد امور کے لئے آواز اٹھانے میں پیش پیش رہیں ۔
محترمہ نرملا سیتا رمن نے 2008 ء میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور وہ نیشنل ایگزیکیٹو کی رکن بنائی گئیں ۔ مارچ ، 2010 ء میں انہیں پارٹی کا ترجمان نامزد کیا گیا ۔ تب سے وہ پارٹی کے لئے کل وقتی ورکر ہیں ۔
محترمہ سیتا رمن کو 26 مئی ، 2014 ء کو تجارت اور صنعت کی وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) کی حیثیت سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی کابینہ میں شامل کیا گیا ۔
محترمہ نرملا سیتا رمن کی شادی جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور لندن اسکول آف اکنامکس سے فارغ التحصیل ڈاکٹر پرکلا پربھاکر سے ہوئی ہے ۔ دونوں کی ایک بیٹی ہے ۔ وہ کثرت سے مطالعہ کرتی ہیں اور ذاتی ٹوئیٹر ہینڈل @nsitharaman رکھتی ہیں ۔ ان سے nsitharaman@nic.in پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔