نئی دہلی۔؛ صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند نے مارشل ارجن سنگھ کے بیٹے جناب اروند سنگھ کو لکھے ایک مکتوب میں مارشل ارجن سنگھ کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک عظیم شخصیت مارشل ارجن سنگھ کی موت کی خبر سن کر مجھے بہت دکھ پہنچا ہے۔
ہندوستانی فضائیہ کے مارشل ارجن سنگھ دوسری جنگ عظیم کے ہیرو تھے اور 1965 کی جنگ میں فوجی قیادت کے لیے انہوں نے ملک کی تحسین حاصل کی۔ انہوں نے ملک کی خصوصیت کے ساتھ خدمت کی اور وہ فضائیہ کے پہلے افسر تھے جنہیں فضائیہ کے مارشل کی حیثیت سے پانچ ستارہ رینک سے سرفراز کیا گیا تھا۔
ملک کی نسلوں کے لیے مارشل ارجن سنگھ لیجنڈ رہے ہیں۔ ان کی خدمات یونیفارم کے باہر بھی دلی کے لیفٹیننٹ گورنر ، سوئیزرلینڈ میں ہندوستان کے سفیر ، کینیا میں ہندوستان کے سفیر اور اقلیتوں کے قومی کمیشن کے رکن کی حیثیت سے جاری رہی۔ انہیں ان کی خدمات اور حصولیابیوں کے لیے بہت سے ایوارڈ بشمول پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔