نئی دہلی۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت کرنل راجیہ وردھن راٹھور نے اپنے مصری ہم منصب جناب خالد عبدا لعزیز سے آج شرم الشیخ ، مصر میں ورلڈ یوتھ فورم کے موقع پر ملاقات کی ۔
کرنل راٹھور نے جناب عبدا لعزیز کو 2018 میں روس میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ کے مصر کی ٹیم کے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی ۔ جناب عزیز نے اپنی جانب سے فیفا انڈر 17 کے کامیاب انعقاد پر ہندوستان کی ستائش کی اور فٹبال آؤٹ ریچ پروگرام مشن 11 ملین میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔
دونوں ملکوں کے تعلقات میں حالیہ سرگرمیوں کو یاد کرتے ہوئے کرنل راٹھور نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور مصری صدر سیسی کے مابین چار ملاقاتیں ہوچکی ہیں اور ان دونوں نے تعلقات کو ایک نئی سطح تک پہنچایا ہے ۔ جناب عزیز نے فوری اور فیصلہ کن انداز میں طویل مدتی فیصلہ لینے کے لیے ہندوستانی قیادت کی تعریف کی ۔ جناب عزیز نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو مختصر ٹریننگ پروگرام کے لیے اولمپک سینٹر جیسے اپنے بہترین مراکز کی پیش کی ۔ کرنل راٹھور نے انہیں مصری تربیت سازوں اور معاون حکام کو بھرتی کرنے کے فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا ۔