18 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

جناب راج ناتھ سنگھ نے آئی ڈی اے کی دوسری میٹنگ کی صدارت کی

Shri Rajnath Singh chairs second meeting of Island Development Agency
Urdu News

نئی دہلی /  مرکزی وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں جزیرے کی ترقیاتی ایجنسی (آئی ڈی اے) کی دوسری میٹنگ کی صدارت کی۔ آئی ڈی اے نے 9 جزیروں (جن میں سے چار انڈومان اور نکوبار جزائر میں ہیں یعنی اسمتھ، راس، لانگ اور ایوس) اور (پانچ لکشدیپ میں ہیں یعنی منی کائے، بنگارام، تھنّاکارا، چیریم اور سوہیلی) کی کلی ترقی کے لیے ترقیاتی منصوبوں  کے تصور اور مفصل ماسٹر پلان کا جائزہ لیا۔ اس پروجیکٹ کو نیتی آیوگ کے ذریعے چلایا جارہا ہے۔ جس کا مقصد  پروجیکٹ کے جزائر میں سمندر سے متعلق  کاروبار کی ایک زبردست معیشت کی تعمیر کرنے کے پائیدار نظریے پر مبنی ترقیات کو فروغ دینا اور نافذ کرنا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے 24 جولائی 2017 کو منعقدہ گزشتہ میٹنگ کے بعد سے ہونے والی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس میٹنگ میں پانی اور بجلی کے انتظام کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے اور کنیکٹیویٹی سے متعلق پروجیکٹوں کو شناخت کرنے اور ان پر کام کرنے کے لیے ہدایات دی گئی تھیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ مقامی ترقیات کے امکانات کی رپورٹوں میں پروجیکٹ جزائر میں ماحولیاتی حساس علاقوں  کی واضح طور پر نشان دہی کی تھی اور انھیں الگ کیا گیا۔ اور جزائر کی منفرد سمندری اور علاقائی حیاتیاتی تنوع کو ملحوظ رکھا گیا۔ اور اوّلین ترجیحات والے معاملے کے طور پر کنیکٹیویٹی کو فروغ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ شمالی انڈومان اور نکوبار جزائر میں ڈگلی پور کے قریب شبپور میں  واقع نیول ایئر اسٹیشن کو مشترکہ طور پر استعمال کئے جانے والے ایئرپورٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ  سیاحت کو فروغ دینے کے امکانات کا فائدہ اٹھانے کے لیے منی کائے جزیرے میں ایک ایئرپورٹ (مشترکہ استعمال والا ایئرپورٹ)سمیت ایک پی پی پی پیکیج تیار کیا جائے گا۔  لکشدیپ میں روزگار کے حالات کو  بہتر بنانے کے لیے ٹونا مچھلی کی صنعت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے جزائر میں چلنے والے اہم بنیادی پروجیکٹوں کے نفاذ میں تیزی لانے اور مقامی متعلقین کے مشورے سے عوامی تعاون پر مبنی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تمام متعلقین کو ہدایات دیں۔

نیتی آیوگ سے بھی کہا گیا کہ وہ پی پی پی پروجیکٹوں کی تیاری کے لیے مہم چلائیں اور نجی شعبے کی ساجھے داری کو فروغ دینے کے لیے مجوزہ مفصل رہنما خطوط تیار کرے۔

آئی ڈی اے کا قیام جزائر کی کلی ترقی  کے لیے وزیر اعظم کی جائزہ میٹنگ کے بعد یکم جون 2017 کو عمل میں آیا تھا۔

اس میٹنگ میں انڈومان نکوبار جزائر کے لیفٹیننٹ گورنر ایڈمرل ڈی کے جوشی ، بحریہ کے سابق سربراہ (آئی ڈی اے کے وائس چیئرمین)، کابینہ کے سکریٹری جناب پی کے سنہا، نیتی آیوگ کے سی ای او جناب امیتابھ کانت، مرکزی داخلہ سکریٹری جناب راجیو گوبا اور ماحولیات، جنگلات اور آب وہوا کی تبدیلی ، سیاحت، بجلی، دفاع، صحت، ٹیلی مواصلات اور شہری ہوابازی کی وزارتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More