نئی دہلی، خواتین واطفال بہبود کی وزارت نے ایک مسابقے کا آغاز کیا ہے جس میں اُس نے اپنے باوقار ’’قومی تغذیاتی مشن‘‘ کیلئے لوگو اور ٹیگ لائن تیار کرنے کی خاطر تخلیقی ذہن رکھنے والوں کو دعوت مسابقت دی ہے۔ یہ اُن شہریوں ، جو اپنے ڈیزائن کو قومی پلیٹ فارم پر دکھائے جانے کے متمنی ہیں، کیلئے ایک بہترین موقع ہے۔
حکومت ہند نے حاملہ خواتین، ماؤں اور بچوں کی جامع ترقی اور اُن کیلئے خاطر خواہ غذائیت کو یقینی بنانے کیلئے قومی تغذیاتی مشن کو منظوری دی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد بالیدگی ، قلت تغذیہ، خون کی کمی اور کم شرح پیدائش کی سطح میں کمی لانا ہے۔ اسی وجہ سے عوا کے درمیان بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک معقول لوگو اور ٹیگ لائن کی شروعات کو موزوں خیال کیا گیا۔
خواتین واطفال بہبود کی وزیر محترمہ مینکا سنجے گاندھی نے کہا کہ وزارت کی شہریوں کو شامل کرنے کی روایت کے پیش نظر وزارت نے اس مقصد کیلئے لوگوں کے سامنے انٹریز ارسال کرنے کی تجویز رکھی ہے۔ وزارت کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اسی نوعیت کے مسابقوں کو ملنے والی زبردست عوامی تائید کے پیش نظر وزارت نے مسابقے کے فاتح کو ایک لاکھ روپے کا انعام دینے کی تجویز رکھی ہے۔
اس مسابقے میں حصہ لینے والے افراد لوگو یا ٹیگ لائن یا دونوں ہی بھیج سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں جب لوگو اور ٹیگ لائن علیحدہ علیحدہ افراد کے ذریعے بھیجے گئے لوگو اورٹیگ لائن میں سے منتخب کئے جائیں تو انعام کی رقم دونوں میں برابر برابر تقسیم کردی جائے گی۔
مسابقے کی تفصیلات خواتین واطفال بہبود کی وزارت کے فیس بک اور ٹوئیٹر اکاؤنٹس (@MinistryWCD)پر دستیاب ہیں۔ nnm.mwcd@gmail.comپر انٹریز بھیجنے کی آخری تاریخ 17 دسمبر 2017 ہے۔
مزید معلومات کیلئے bit.ly/2BGM59iدیکھیں۔
شرائط وضوابط کیلئے http://bit.ly/2ACKnGAپر جائیں۔