16.7 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

جناب راج ناتھ سنگھ وزارت داخلہ کے مجاہدین آزادی اور باز آبادکاری ڈویژن کا جائزہ لیں گے

Urdu News

نئی دہلی؍ وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں وزارت داخلہ کے مجاہدین آزادی اور باز آبادکاری ڈویژن (ایف ایف آر) کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اس میٹنگ میں امور داخلہ کے وزیر مملکت جناب ہنس راج گنگارام اہیر ،داخلہ سیکریٹری جناب راجیو گوبااور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔میٹنگ کے دوران جناب راج ناتھ سنگھ نے مجاہدین آزادی کی پنشن ، بازآبادکاری اسکیموں اور دشمن کی املاک سے متعلق موضوعات کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر وزارت کے حکام کودشمن املاک ایکٹ 2017 جس میں دشمن کے املاک کی فروخت ؍منتقلی  سمیت حال ہی میں کی گئی ترمیمات  کے نئے التزامات کی اہمیت کے  پیش نظر ضابطوں کے جلد از جلد اعلان کی ہدایت دی۔ اس میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ اس مقصد کے لئے کسٹوڈین کے دفتر کو مستحکم کیا جائے گا۔ دشمن کی املاک کو جلد از جلد فروخت کرنے اور اس سے رقم حاصل کرنے کے لئے ان کی شناخت اور ناجائز قبضے سے آزاد کرانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانیوں کی ایسی املاک جو پاکستان میں تھیں، انہیں فروخت کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی املاک کی شناخت ، ان کے حصول اور ان کی قیمت لگانے کے عمل میں تال میل کے لئے ریاستی حکومتوں کے ذریعے نوڈل آفیسروں کی تقرری کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ میٹنگ کے دوران یہ بتایا گیا کہ ایسی 6289 املاک  کا سروے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور باقی ماندہ 2991 املاک  جو کسٹوڈین کے تحت ہیں، ان کے معاملے میں سروے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔اس کے علاوہ 5863 املاک بھی ایسی ہیں، جن کا سروے کا کام جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ سوتنترتا سینک سمان یوجنا کے تحت مجاہدین آزادی کو بینک کے ذریعے پنشن کی تقسیم کے لئے پنشن تقسیم نگرانی سیل (پی ڈی ایم سی) کے ذریعے مزید آسان بنایا جائے گا۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پنشن سے متعلق 73 فیصد کھاتوں کو بینک کے ذریعے آدھار سے لنک کردیا گیا ہے۔ ڈویژن کو تمام 23 بینکوں کے ساتھ تال میل قائم کرکے جلد از جلد صد فیصد کھاتوں کو آدھار کے ساتھ لنک کرنے کا نشانہ دیا گیا تھا۔

میٹنگ میں تقریباً 107 کیمپوں میں مقیم سری لنکا کے تملوں اور تبتی مہاجروں کی باز آبادکاری سے متعلق مسئلے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس ڈویژن کو تبتی اور تمل مہاجروں کی حالات زندگی کو بہتر بنانے سے متعلق مسائل کو حل کرنے کا بھی مشورہ دیاگیا۔

میٹنگ میں بنگلہ دیش کے سابق ہندوستانی علاقوں سے آنے والے تقریباً 1000 لوگوں کی آباد کاری اور مغربی بنگال کے کوچ بہار ضلع میں 51 بنگلہ دیشی گاؤں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق سرگرمیوں میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔یہاں بنیادی ڈھانچوں کی ترقی کے لئے حکومت مغربی بنگال کو اب تک 413 کروڑ روپے جاری کئے جاچکے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بنگلہ دیش کے سابق ہندوستانی گاؤں سے واپس آنے والوں کی باز آبادکاری کے پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے پابندی کے ساتھ پروجیکٹ کی عمل درآمد میں پیش رفت کی نگرانی کی جانی چاہئے۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More