17.9 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

خواتین اور بہبود اطفال کی وزارت خواتین قیدیوں کے لئے جامع ادارہ جاتی جیل اصلاحات کے سلسلے میں خواتین کے قومی کمیشن کا تعاون کرے گی:مینکا سنجے گاندھی

Urdu News

نئی دہلی؍ خواتین اور بہبود اطفال کی وزارت ملک بھر کی جیلوں میں قید خواتین کی صورتحال کو بہتر بنانے سے متعلق جیل اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کےلئے خواتین کے قومی کمیشن کا تعاون کرے گی۔آج نئی دہلی میں خواتین کے قومی کمیشن (این سی ڈبلیو) کی کارگزار چیئرپرسن محترمہ ریکھا شرما کی موجودگی میں خواتین اور بہبود اطفال کی وزیر محترمہ مینکا سنجے گاندھی نے میڈیا اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔وزیر موصوفہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ این سی ڈبلیو ایک مینوئل وضع کرے گا ، جس میں ملک کے جیلوں میں جیل حکام کے ذریعے خواتین قیدیوں کے لیے اپنائے جانے والے مثالی معیاری طریقہ کار اور طرز عمل کی تفصیلات ہوں گی۔

مزید تفصیل فراہم کرتے ہوئے محترمہ مینکا سنجے گاندھی نے کہا کہ این سی ڈبلیو جلد ہی اُن 144 سینٹرل جیلوں کا معائنہ کرے گا، جو این سی ڈبلیو کے دائرہ کار کے تحت آتے ہیں، تاکہ قیدی خواتین کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ جیل حکام کے طریقہ کار کو اسی کے مطابق وضع کیا جائے گا۔محترمہ مینکا گاندھی نے کہا کہ مجموعی جیل مینوئل میں خواتین قیدیوں کے لئے مینوئل کی شمولیت کے لئے اس معاملے کو وزارت داخلہ کے سامنے اٹھایا جائے گا۔خواتین اور بہبود اطفا ل کی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ جیلوں میں ادارہ جاتی اصلاحات اب ضروری ہوگئے ہیں، کیونکہ فی الحال جو رپورٹیں آرہی ہیں ان کے مطابق جیلوں میں بنیادی انسانی سہولیات کی کمی پائی جاتی ہے۔جس کے نتیجے میں  خواتین قیدی غیر انسانی زندگی گزارنے کے حالات سے دو چار ہیں۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ان ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لئے وزارت خواتین کے قومی کمیشن کا تعاون کرے گی۔

معائنہ میکانزم کی وضاحت کرتے ہوئے محترمہ مینکا گاندھی نے کہا کہ این سی ڈبلیو غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ شراکت داری اختیار کرے گا۔ یہ تنظیمیں جیلوں کا دورہ کریں گی اور خوراک، مقدار اور پانی کا معیار، خواتین قیدیوں کے بچوں کے لیے سہولیات، سینٹری نیپکن کی فراہمی، ہنری مندی کے فروغ اور تربیت وغیرہ سمیت خواتین کی صورتحال کا جائزہ لیں گی۔جیلوں میں محتسب کی تقرری کے امکان کو بھی دریافت کیا جائے گا، جہاں خواتین قیدی مناسب سہولیات یا برتاؤ نہ ملنے پر اپنی شکایات درج کراسکتی ہیں۔

خواتین کے قومی کمیشن کی چیئرپرسن محترمہ ریکھا شرما نے کہا کہ خواتین کا قومی کمیشن وقتاً فوقتاً جیلوں کا معائنہ کرتا رہتا ہے، جس کا مقصد ان جیلوں کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے ،جہاں خواتین قید ہیں۔اسی طرح کے معائنے ریاستی خواتین کمیشنوں کے ذریعے بھی انجام پاتے ہیں۔

محترمہ ریکھا شرما نے بتایا کہ ایک تازہ پہل کے تحت  این سی ڈبلیو کے نمائندے فوری طورپر 144 سینٹرل جیلوں کا دورہ شروع کریں گے۔ اس کے بعد وہ ان جیلوں کا دورہ کریں گے، جو ریاستی کمیشنوں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔یہ نمائندے این سی ڈبلیو کی تیار کردہ ایک پروفارما کی بنیاد پر خواتین قیدیوں کی صورتحال پر رپورٹ تیار کریں گے۔نمائندوں کی یہ ٹیم زیادہ بھیڑ بھاڑ ،قانونی امداد کی دستیابی، ہنرمندی کے فروغ اور تربیت سمیت باز آبادکاری کے منصوبوں ، خواتین قیدیوں کے لئے قانونی بیداری اور قانونی مدد، ان خواتین قیدیوں کے چھوٹے بچوں کے لئے مناسب سہولیات وغیرہ سمیت متعدد پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ریاستی اعتبار سے ہر ایک جیل کے لئے رپورٹ تیار کی جائے گی ، جسے ایک سال کے اندر ریاستی قانونی سازیہ میں پیش کیا جائے گا۔ محترمہ ریکھا شرما نے کہا کہ خواتین اور بہبود اطفال کی وزارت کے تعاون سے این سی ڈبلیو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ متعلقہ حکام کے ذریعے ان ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد ہو۔ انہوں نے کہا کہ این سی ڈبلیو نے اس سے پہلے ماضی میں 60 زائد جیلوں کا معائنہ کیا ہے۔این سی ڈبلیو کی چیئرپرسن نے کہا کہ 31 جنوری 2018 کو این سی ڈبلیو کے 25 سالہ جشن کے دوران خواتین کے لئے جیل اصلاحا ت کے معاملے کو ریاستی کمیشنوں کے ساتھ نمایاں طورپر اجاگر کیا جائےگا۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More