نئی دہلی، چار اراکین پر مشتمل ہندوستانی آرمی کا ایک وفد آج میانمار کے نیپی تاؤ میں پہنچا تاکہ میانمار آرمی کو اقوام متحدہ امن قائم رکھنے کی کارروائیوں سے متعلق تربیت فراہم کر سکے ۔ 5 فروری تا 16 فروری ، 2018 ء کے دوران دو ہفتوں کے لئے اس تربیت کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس طرح کی تربیت کا یہ چوتھا ایڈیشن ہے ۔
دو ہفتے تک جاری رہنے والی اس تربیت کا مقصد اقوام متحدہ کے تحت تعیناتی اور کارروائیوں کے لئے احساس پیدا کرنا ہے ۔ مزید براں ، اس کا مقصد مستقبل قریب میں اقوام متحدہ کے ذریعہ دی جانے والی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لئے میانمار آرمی کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے ۔
ماضی قریب میں مشترکہ فوجی تربیت کا انعقاد بڑے اقدامات میں سے ایک ہے ۔ اس کا مقصد ہندوستان کے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے ۔ اقوام متحدہ کی فوج کے حصے کے طور پر ہندوستانی آرمی کا وسیع تجربہ تقریباً سات دہائیوں پر مشتمل ہے ۔ اقوام متحدہ قیام امن فوج میں ہندوستان کے تجربے سے اس طرح کی تربیت کے معیار میں اضافہ ہوتا ہے ۔
5 فروری ، 2018 ء کو اس سے متعلق افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ اس تقریب میں شرکت کرنے والی معزز شخصیات میں میانمار ڈیفنس سروسز کے ڈپٹی کمانڈر اِن چیف اور کمانڈر اِن چیف ( آرمی ) نائب سینئر جنرل سُو وِن اور میانمار میں ہندوستانی سفیر جناب وکرم مسری شامل ہیں ۔ اس تربیتی پروگرام میں میانمار آرمی کے کل 30 منتخب افسران اور فوجی اہلکار شرکت کریں گے ۔