نئی دلّی: گوا میں کھیلے جا رہے برکس انڈر ۔ 17 فٹ بال ٹورنامنٹ کے جنوبی افریقہ اورچین کے درمیان 9 اکتوبر ، 2016 کو کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے اپنے بہترین کھیل اور طاقت کا مظاہرہ کیا ، تاہم اسکور صفر رہا ۔حالانکہ کئی موقعوں پر ایسا لگاکہ ٹیم اسکور بنا لے گی ۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لائل فوسٹر اسکور کرنے کے قریب پہنچ گئے تھے ، مگر وہ کچھ انچ کے فاصلے سے چوک گئے ۔ کھیل کے 22 ویں منٹ میں چین کے تاؤ کنگلونگ کو سبقت حاصل کرنے کا موقع ملا تھا ، لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا ۔ اس میچ کے لئے اضافی پانچ منٹ اور دیئے گئے مگر اسکور پھر بھی صفر ۔ صفر ہی رہا ۔
برکس انڈر ۔ 17 فٹ بال ٹورنامنٹ کے برازیل اور روس کے درمیان کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں نے باری باری گیند کو اپنے قابو میں کرنے کی جی توڑ کوشش کی ۔ روس کے لوپاتن ڈینیل نے کھیل کے 36 ویں منٹ میں اسکور کرنے کی کوشش کی جبکہ گول خالی تھا ، لیکن برزیل کے گول کیپر آرتھر ڈیسوزا نے آخری سیکنڈ میں گول کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ۔اس کے ساتھ ہی برازیل کے کھلاڑیوں نے تابڑ توڑ حملے کئے اور کھیل کے 37 منٹ میں وکٹر جبریل مورا ڈی آلیوریرا نے ابتدائی گول کر کے سبقت حاصل کرلی ۔
کھیل کے دوسرے ہاف میں روسی کھلاڑی دمتری نے گول برابر کرنے کی کوشش کی لیکن کھیل کے 53 ویں منٹ میں برازیل کے گول کیپر آرتھر ڈیسوزا نے کوشش ناکام بنادی ۔ برازیل کے ونی سی یس ڈی اولیویرا جونیر نے گول کیپر کو چکمہ دے کر چھلانگ لگاتے ہوئے گیند کو گول میں پہنچادیا ۔روس کے کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کے لئے گول کرنے کی ناکام کوشش کی اور کھیل برازیل کے حق میں 2 ۔ صفر کی سبقت کے ساتھ ختم ہوا ۔
6 comments