نئی دہلی،؍مئی ،کابینہ کمیٹی نے آج ڈی اے آر ای /آئی سی اے آر اسکیم کی تجویز آسام میں انڈین ایگریکلچرل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کو منظوری دی ہے۔ آسام کی ریاستی حکومت کے ذریعہ فراہم کردہ 587 ایکڑزمین پر سوفیصد خرچ مرکزی حکومت کرے گی۔ مزید برآں 98 عہدوں کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی ہے۔
زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر جناب رادھا موہن سنگھ نے کہا ہے کہ آئی اے آر آئی ، آسام ایگریکلچرل ایجوکیشن میں اعلیٰ تعلیم کا پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ ہوگا۔ اس ادارے میں نئی دہلی میں واقع آئی اے آر آئی کی تمام نمایاں خصوصیات ہوں گی۔ اس میں زراعت کے تمام شعبے مثلاً کھیت کی فصلیں، باغبانی کی فصلیں، شجرکاری، مویشی پالن، ماہی پروری، پولٹری، خنزیرپروری، ریشم اور شہد کی پیداواروغیرہ شامل ہیں۔
جناب رادھا موہن سنگھ نے اطلاع دی کہ آئی اے آر آئی- آسام مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تمام موجودہ تحقیقی و ترقیاتی اداروں اور نجی سیکٹرکے کاروباریوں کے اشتراک سے شمال مشرقی ہندوستان کے زرعی چیلنجوں اور پیچیدگیوں پر کام کرےگا۔آئی اے آر آئی –آسام اپنے مشن میں تحقیق، تعلیم اور وسیع پروگراموں کو شامل کرےگا تاکہ معیاری انسانی وسائل تیار ہو سکے۔ علاوہ ازیں یہاں کسان دوست ٹیکنالوجیاں تیار کی جائیں گی تاکہ پیداوار، کوالٹی اور منافع میں اضافہ ہو سکے۔ زراعت پر مبنی صنعتوں کو فروغ دینے کےعلاوہ شمال مشرقی خطے میں زراعت کے شعبے کی پائیدار اور جامع ترقی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ آئی اے آر آئی-آسام، آئی اے آر آئی، نئی دلی کا آف کیمپس ہوگا، جہاں اسکول کی شکل میں مثلاً اسکول آف کراپ سائنسز، نیچرل ریسورسیز مینجمنٹ اور انیمل سائنسز اینڈ فشریز میں کثیر موضوعاتی مربوط ریسرچ کئے جائیں گے۔
زراعت کے مرکزی وزیر نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ہمارے وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ شمال مشرقی خطے میں زرعی شعبے کی ترقی کیلئے آسام میں ایک انڈین ایگریکلچرل انسٹی ٹیوٹ (آئی اے آئی آر) قائم کیاجائےگا۔ چھ ہفتے قبل آسام کی ریاستی حکومت نے اس کیلئے زمین فراہم کردی۔ اب مرکزی کابینہ کی منظوری کے بعد اس پروجیکٹ کی راہیں آسان ہو گئی ہیں۔