نئی دہلی، آسٹریلیا کی حکومت نے بین ملکی گود لینے سے متعلق ہیگ کنونشن کے مطابق ہندستان کے ساتھ اڈوپشن یعنی بچے کو گود لینے کے اپنے پروگرام کوپھر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 8 سال قبل آسٹریلیا نے ہندستان سے گود لینے کے پروگرام پر روک لگا دی تھی۔ یہ پابندی انٹر کنٹری اڈوپشن کے لئے ہندستان کی چند منظور شدہ پلیسمنٹ ایجنسیوں کے ذریعہ بچوں کی غیر قانونی ٹریفکنگ کے الزامات کے بعد لگائی تھی ۔
انٹر کنٹری یعنی بین ملکی اڈوپشن سے متعلق ضابطو کو حکومت ہند نےسخت بنادیا ہے اس کے لئے جوینائل جسٹس ایکٹ 2015 بنایا گیا ہے اور اڈوپشن ریگولیشنز 2017 نوٹیفائی کئے گئے ہیں۔ خواتین و اطفال بہبود کی وزارت ، سینٹرل اڈوپشن ریسورس اتھارٹی (سی اے آر اے) کے ساتھ مسلسل آسٹریلیائی حکومت کے رابطے میں تھی تاکہ اڈوپشن پروگرام کا پھر آغاز ہوسکے۔ اڈوپشن پروگرام کے دوبارہ شروع ہونے سے بچوں کو گود لینے کے متمنی والدین کو مدد ملے گی۔ ان میں ایسے ہند نژاد والدین بھی ہیں جنہوں نے آسٹریلیا میں بودوباش اختیار کرلی ہے۔ اس پروگرام کے دوبارہ شروع ہونے سے ایسے لوگوں کی ہندستان سے بچہ گودلینے کی خواہش پوری ہوسکے گی۔