نئی دہلی، دوردرشن ہر سال یوم آزادی سے قبل صدر جمہوریہ ہند کے خطاب اور یوم آزادی پر لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم کے خطاب کو سماعت سے محروم افراد کے لئے علامتی زبان میں پیش کرتا ہے۔ اس سال بھی صدر جمہوریہ کا خطاب اور لال قلعہ سے پوری تقریر کا آنکھوں دیکھا حال براہ راست علامتی زبان میں ڈی ڈی بھارتی چینل پر نشر کیا جائے گا۔
معذوری سے متاثرہ افراد کے حقوق کے قانون کو نافذ کرنے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اطلاعات و نشریات کی وزارت نے اس سال یوم آزادی پر پرائیویٹ ٹی وی چینلوں کے لئے بھی ٹیلی ویژن پروگراموں میں متاثرہ افراد کے لئے رسائی کے معیارات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سال یوم آزادی پر اہم آغاز کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کی وزارت نے پرائیویٹ سیٹلائٹ نیوز ٹی وی چینلوں سے کہا ہے کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات سے متعلق مختصر پروگرام 15 اگست کی سہ پہر یا شام میں علامتی زبان میں ساتھ ساتھ پیش کرے۔ چینلوں سے کہا گیا ہے کہ وہ علامتی زبان میں خود اپنا پروگرام بناسکتے ہیں یا اگر وہ چاہیں تو ڈی ڈی نیوز کے تیار کردہ بلیٹن کو مفت میں نشر کرسکتے ہیں۔ یہ معلومات اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سکریٹری جناب امت کھرے نے آج نئی دہلی میں آئی آئی سی میں این سی پی ای ڈی پی کے ذریعے منعقدہ ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے فراہم کیں۔ اس تقریب میں اطلاعات و نشریات کی وزارت کو سماج سے محروم لوگوں کے لئے ٹیلی ویژن تک رسائی فراہم کرنے کے اہم کام کے لئے اسپیشل جیوری ایوارڈ دیا گیا ہے۔