نئیدہلی، اسٹیل کے امور کے مرکزی وزیر جناب چودھری بیریندر سنگھ نے 12 جون 2018 کو اوڈیشہ کے کلنگ نگر کا دورہ کیا ۔اس
موقع پر وزیر موصوف نے ریاست اوڈیشہ میں اسٹیل تیار کرنے والی بڑی کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹر ز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سے کلنگ نگر میں گفتگو کی ۔چودھری بیریندر سنگھ نے اپنی تقریر میں بتایا کہ ہندوستان آج دنیا کے سب سے زیادہ اسٹیل تیار کرنے والے ملکوں کی فہرست میں دوسرے نمبر آگیا ہے ۔ مالی سال 18-2017 میں ہندوستان نے 100 ملین ٹن سے زیادہ اسٹیل تیار کیاتھا ۔آج ہندوستان میں اسٹیل کی صنعت سال 15-2014 اور16-2015 میں درپیش مسائل اوردشواریوں سے باہر آچکی ہے ۔ اسٹیل صنعت کو یہ راحت حکومت ہند کے متعدد پالیسی اقدامات کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اسٹیل پالیسی اورڈی ایم آئی اینڈ ایس پی پالیسی کا اعلان 2017 کے دوران کیا گیا تھا جس میں گھریلو صنعت کو کو ہدایات دی گئی تھیں جن سے اس صنعت کو تقویت حاصل ہوئی تھی۔
واضح ہوکہ اوڈیشہ ملک کی سب سے زیادہ اسٹیل تیار کرنے والی بڑی ریاست ہے ۔ اوڈیشہ ملک میں اسٹیل کی مجموعی پیداوار کے نصف کے بقدر اسٹیل تیار کرتا ہے ۔ یہ ریاست معدنیات اور معدنیات کی کانوں کے وسائل سے مالامال ہے اور اس میں 100 ملین ٹن اسٹیل تیار کرنے کے امکانات موجود ہیں، جو نیشنل اسٹیل پالیسی میں سال 31-2030 تک 300 ملین اسٹیل تیار کرنے کے تصور کے ایک جزو کی حیثیت سے شامل ہے ۔کلنگ نگر ایک بڑا صنعتی مرکز ہے ۔ اس خطے میں 15 اسٹیل پلانٹ واقع ہیں جن میں این آئی این ایل جیسی سرکاری کمپنی اور ٹاٹا اسٹیل ،جندل اسٹیلز لمٹیڈ ،ویزا اسٹیل اور میسکو (ایم ای ایس سی او ) جیسی پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیاں شامل ہیں ۔ 2030 تک 300 ملین اسٹیل تیار کرنے کے نشانے کے حصول کے لئے کلنگ نگر اور ریاست اوڈیشہ ایک اہم حیثیت کی حامل ہے۔
اس موقع پر وزیر موصوف نے اپنی اس امید کا اظہار کیا کہ کلنگا نچلی سطح کی سہولیات کے امکانات کو فروغ دے گا۔ جن میں فیرو الائز پلانٹ ،ڈکٹ آئرین پائپس ، اسٹیل فرنیچرز اور بجلی کے شعبے میں استعمال ہونےو الے سامان تیار کرنے والی کمپنیاں اور اسٹینلیس اسٹیل کے یونٹ شامل ہیں
چودھری بیریندر سنگھ سے گفتگو کے دوران اس صنعت کے نمائندوں نے پیلٹ کی تیاری میں خام لوہے کو استعمال کئے جانے کی ضرورت پر زوردیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے بیش قیمت خام لوہے کو محفوظ رکھا جاسکے گا۔ گفتگو کے دوران وزیر موصوف نے ہندوستان میں اسٹیل کی صنعت کی نمو کو درپیش چیلنجوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ ان چیلنجوں میں بندرگاہوں کا فروغ ، ہندوستانی ریلوے کی اہلیت میں اضافہ ، مخصوص مال برداری کے گلیاروں کی تعمیر شامل ہیں۔جس سے خام مال اور تیار سامان کو مطلوبہ مقامات تک پہنچایا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پرچودھری بیریندر سنگھ نے امید ظاہر کی کہ مرکزی اور ریاستی سرکار عملی سطح کی پالیسی میں حل تلاش کرسکیں گی اور اوڈیشہ میں پیداوار کے اعلیٰ تر نشانے حاصل کئے جاسکیں گے ۔اس ملاقات کے موقع پر مرکزی اورریاستی سرکار کے افسران بھی موجود تھے۔