نئی دہلی، جدید و قابل تجدید توانائی اور بجلی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب آر کے سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ آسام، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور اترپردیش میں 70 لاکھ شمسی مطالعاتی لیمپوں کی تقسیم کے نئے پروجیکٹ کا نفاذ فی الحال جاری ہے۔ اس پروجیکٹ کو جدید وقابل تجدید توانائی کی وزارت (ایم این آر ای) نے دسمبر 2016 میں اپنی منظوری دی تھی۔ راجستھان، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں محروم برادریوں کو بااختیار بنانے کے لئے جنوری 2014 میں منظور کی گئی ایک ملین شمسی مطالعاتی لیمپ اسکیم کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کی جاچکی ہے۔ اس کے بعد وزارت نے مئی 2016 میں متعدد ریاستوں میں 5 لاکھ شمسی مطالعاتی لیمپوں کی تقسیم کے عمل کو منظوری دی تھی۔
راجستھان میں مجموعی طور پر 3.06 لا کھ شمسی مطالعاتی لیمپ تقسیم کئے گئے ہیں اور 360 خواتین سمیت 927 افراد کو مقامی سطح پر شمسی مطالعاتی لیمپوں کو ایسمبل کرنے اور ان کی مرمت کرنے کی ٹریننگ دی گئی ہے۔ ایم این آر ای کا شمسی توانائی کے شعبے میں ٹریننگ دینے کے لئے ایک علیحدہ فروغ ہنر مندی پروگرام ’’سوریہ مترا‘‘ بھی ہے تاکہ شمسی توانائی نظامات کی تنصیب، مرمت اور رکھ رکھاؤ کا کام کیا جا سکے۔