لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج پارلیمنٹ لائبریری میں وزارت تعلیم کے تحت تاریخی تحقیق سے متعلق ہندوستانی کونسل کے ذریعہ منعقدہ بھارت کی جنگ آزادی سے متعلق نمائش کا افتتاح کیا۔تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے بھی نمائش دیکھی۔ تعلیم کی وزیر مملکت محترمہ انّ پورنا دیوی، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان پارلیمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب پردھان نے کہا کہ اس نمائش میں 1757 سے 1947 تک کے بھارت کی تاریخ کے تقریباً 200 برسوں کی کہانیاں دکھائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس نمائش کا مقصد جنگ آزادی کے گمنام مجاہدین کی کہا نیوں پر روشنی ڈالنا ہے جو کہ قومی یادداشت میں نقش ہونی چاہیئں۔ ملک بھر کے ارکان پارلیمنٹ اس نمائش کو دیکھیں گے اور اپنے متعلقہ حلقوں کے گمنام مجاہدین کے ناموں کی تجویز پیش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت ثقافت ریاستی حکومتوں کے تعاون سے ملک بھر میں 100 مقامات پر یہ اس نمائش کا اہتمام کرے گی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعہ بھی نمائش کا اہتمام کیا جائے گاَ ۔