نئی دہلی، اپریل۔نائب صدرجمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے بڑے پیمانے پر نئی اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی نہ صرف توانائی کی سلامتی کو یقینی بنائے گی بلکہ آب وہوا کاتحفظ بھی کرے گی اور آلودگی کو کم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کی مناسب ترقی دوہرے مقصد کو پورا کرے گی۔ پہلا یہ کہ ملک کی توانائی کی سلامتی کےحصول کی سمت یہ نمایاں رول ادا کرے گی اور دوسرا یہ کے یہ ماحولیاتی تشویش کو دور کرے گی۔جسے جنگی پیمانے پر حل کئے جانے کی ضرورت ہے۔
بین الاقوامی گرڈ ٹیک 2019۔ ایک بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے ماہرین سے کہا کہ وہ ہندوستان کی توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے قابل تجدید توانائی کے سلسلے میں نئی ٹیکنالوجیوں کو تلاش کریں اوربجلی کی تیاری میں کوئلے کے استعمال نہ ہونے کے ہندوستان کے بین الاقوامی عہد کو پورا کریں۔ اس کانفرنس کا اہتمام پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا نے کیا تھا۔ جس میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم قابل تجدید توانائی ، انٹی گریشن ، اسمارٹ گرڈ، اور کمیونیکیشن میں نئی ٹیکنالوجیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جناب نائیڈو نے ٹرانسپورٹ کےصاف ستھرے اور آلودگی سے پاک طریقہ کار کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اس ٹرانسپورٹ میں بڑے پیمانے پر بجلی کی گاڑیاں ای وی ایس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے علاوہ خام تیل کی درآمد پر غیرملکی زرمبادلہ کو بچانے کی بھی صلاحیت ہے۔ انہوں نے شہروں کی پلاننگ میں قابل تجدید توانائی کو شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ دنیا سرمایہ کاری کے لئے ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی ، عالمی برادری میں پائے جانے والے نئے ابھرتے ہوئے جوش کے لئے اصل عنصر ہے۔