نئی دہلی۔ جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری جناب بی بی ویاس نے آج یہاں شمال مشرقی خطے کی ترقی (ڈی او این ای آر) کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر ، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سے ملاقات کی اور انہیں ریاست میں جاری مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔
وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکج کا حوالہ دیتے ہوئے جناب ویاس نے ڈاکٹر جیتندر سنگھ کو بتایا کہ رقوم کا استعمال کیا جارہا ہے اور حالیہ مہینوں میں اس میں مزید تیزی لائی گئی ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے ذریعہ شروع کی گئی عوامی بہبود کی دیگر مرکزی حکومت کی اسکیموں کے عملدر آمد کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔
چیف سکریٹری نے ڈاکٹر جیتندر سنگھ کوبجلی کے شعبہ میں ہوئی پیش رفت اور دین دیال گرام جیوتی یوجنا (ڈی ڈی جی جے وائی) کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا ۔
ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے ‘‘شاہ پور کنڈلی پروجیکٹ ’’سے متعلق تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پورےخطے کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا ۔ اس سے نہ صرف زراعت اور آبپاشی کے شعبہ میں بلکہ بجلی کے شعبہ میں بھی انقلابی تبدیلی آئے گی ۔ چیف سکریٹری نے وزیر موصوف کو بتایا کہ ‘‘شاہ پور کنڈلی پروجیکٹ’’ سے متعلق کوئی امور زیر التوا نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کٹھوا میں یو جے ایچ کثیر المقاصد پروجیکٹ بھی آخری مرحلے میں ہے ۔
اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ کشتوار میں ایر اسٹرپ کی تجدید کے لیے اضافی زمین کے حصول کے لیے ریاستی حکومت اور دفاعی حکام کے مابین ایک مفاہمتی عرضداشت پر دستخط کئے جائیں گے ۔ اس سے کشتوار میں سول اور سرکاری ہوائی جہازوں کے اترنے کی گنجائش پیدا ہوگی ۔