نئی دہلی،سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں ، جہاز رانی اور کیمیاوی اشیاء،نیز کیمیاوی کھاد کے محکمے کے وزیر مملکت جناب منسکھ لال منڈاویہ نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ یوریا کے بیگ کی زیادہ سے زیادہ خردہ قیمت ایم آر پی میں 71 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔ اس طرح کسانوں کو جی ایس ٹی سے براہ راست فائدہ پہنچاہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورے ملک میں امدادی قیمت والا کیمیاوی کھاد مہیا ہے اور اس کی قلت کی کوئی خبر نہیں ہے۔
جناب منڈاویہ نے بتایا کہ بالواسطہ ٹیکس ہونے کی وجہ سے جی ایس ٹی کو کاروباری اور سامان تیار کرنے والے وصول کرتے ہیں اور سرکاری خزانے میں جمع کرا دیتے ہیں۔ جی ایس ٹی کے نفاذ سے پہلے مختلف ریاستوں کے کسان مختلف ٹیکس(ایکسائز ڈیوٹی اور ویٹ) ایک سے سات فیصد کے درمیان ادا کرتے تھے۔پانچ فیصد کی شرح سے یکساں جی ایس ٹی کے نفاذ سے مختلف ریاستوں کے کسان یکساں ٹیکس ادا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ جی ایس ٹی لاگو ہونے کے بعد سے پی اینڈ کے کیمیاوی کھاد کی قیمتوں میں بیشتر ریاستوں میں کمی آئی ہے۔