16.7 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

سترہ (17) مارچ 2019 کو پاناجی ،گوا میں جناب منوہر پاریکر کی رحلت پر کابینہ کی تعزیت

Urdu News

نئیدہلی: مرکزی کابینہ نے، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں،  گوا کے وزیر اعلیٰ  جناب منوہر پاریکر کی، 17  مارچ 2019  کو پاناجی ،گو ا میں   رحلت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ کابینہ نے آنجہانی جناب منوہر پاریکر کی یاد میں  دو منٹ کی خاموشی  بھی  اختیار کی ۔

          کابینہ نے  حکومت ہند  کی جانب سے ایک روزہ سوگ منائے  جانے نیز  18  مارچ  2019  کو تمام ریاستوں ،دلّی سمیت   مرکز کے زیر انتظام  تمام علاقوں میں  قومی  پرچم نیم سرنگوں  لہرانے کی تجویز کو  بھی اپنی  منظوری دی ہے۔

          کابینہ نے جناب منوہر پاریکر کی یاد میں درج ذیل تعزیتی قرارداد بھی منظور کی ہے ۔

          ’’کابینہ 17  مارچ  2019  کو  پاناجی ،  گوا کے  وزیر اعلیٰ جناب منوہر پاریکر کی اندوہناک   رحلت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتی ہے۔ ان کی رحلت سے ملک نے ایک معمر اور ممتاز رہنما ،جنہیں شفقت سے عام انسانوں کا وزیر اعلیٰ کہا جاتا ہے ، کھودیا ہے ۔‘‘

          13  دسمبر 1955  کو  مپوسا ، گوا میں پیدا ہوئے جناب پاریکر نے  لویولا  اسکول ، مارگو  میں  تعلیم حاصل کی تھی ۔بعد ازاں انہوں نے  انڈین انسی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی  ، ممبئی سے  1978  میں  دھات سازی انجینئرنگ میں   گریجویشن کی ڈگری حاصل کی تھی۔  آنجہانی نے سیاست میں  قدم رکھنے سے قبل ،اوائل عمری میں  ہی راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ    (آر ایس ایس ) میں شمولیت  اختیار کرلی تھی اور اپنی اسکولنگ کے فائنل سال میں ہی مکھیہ شکشک ( چیف انسٹرکٹر )  بن گئے تھے۔  آئی اے ٹی سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد انہوں نے  مپوسا میں   آر ایس ایس کا کام سنبھال لیا تھا اور محض  26  برس کی عمر میں ہی  سنگھ چالک بن گئے تھے۔  بھارتیہ جنتا پارٹی  ( بی جے پی )     کے رکن کے طور پر جناب پاریکر 1994  میں   گوا کی قانون ساز اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے۔24 اکتوبر کو  2000  کو موصوف گوا کے وزیر اعلیٰ مقرر ہوئے اور 27 فروری 2002 تک اس عہدے پر فائز رہے ۔3  جون 2002  کو  وہ ایک مرتبہ پھر گوا کے وزیر اعلیٰ چنے گئے  اور 2فروری  2005  تک   اس عہدے پر فائز رہے۔ 9  مارچ  2012  کو وہ  پھر گوا کے وزیراعلیٰ بنے اور 8  نومبر 2014  تک اس عہدے پر فائز رہے۔  9  نومبر 2014  کو جناب پاریکر مرکزی وزیر دفاع مقرر ہوئے اور 13  مارچ  2017  تک اس عہدے پر فائز رہے ۔ 14  مارچ  2017  کو وہ ایک مرتبہ  پھر گوا کےوزیر اعلیٰ  مقرر ہوئے ۔

          جناب پاریکر کو ان کی سادگی  اور غیر معمولی  انتظام کار کی صلاحیتوں   کے حامل فرد کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ جدید گوا کی تعمیر میں  ان کا تعاون اور بھارتی مسلح دستوں کی جدید کاری نیز  سابق فوجیوںکی زندگی  بہتر بنانے میں  ان کے تعاون کو  ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔

          جناب پاریکر کو 2001  میں آئی آئی ٹی ممبئی نے  ممتاز فارغ التحصیل شخصیت ایوارڈ سے نوازا تھا۔ 2018  میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ  آف ٹکنالوجی ، گوا نے  انہیں  اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض  کی تھی اور 2018  میں انہیں  ایس پی مکھرجی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ان کے پسماندگان میں دوبیٹے ہیں ۔

          کابینہ  ،سوگوار کنبے اور گوا کے عوام  کے تئیں ،حکومت ہند اور پورے ملک کی جانب سے  دلی تعزیت    کا اظہار کرتی ہے ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More