نئیدہلی؛ کامرس و صنعت اورشہری ہوا بازی کے وزیر جناب سریش پربھو نے کانکن خطے میں ترقی کا جائزہ لینے کے لیے دہلی میں آج ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں ، خطے میں زراعت ، خدمات اور مینوفیکچرنگ کے شعبے کی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی۔
کانکن خطے میں زرعی شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ جغرافیائی اشاریوں (جی آئی) کے بارے میں مہم چلائیں تاکہ خطے کی پیداوار کے لیے جی آئی ٹیگ کے فائدوں کے بارے میں بیداری میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ ہندوستان کے تمام ہوائی اڈوں پر جی آئی اسٹالز قائم کرنے کے لیے ایک پالیسی تیار کریں۔ انھوں نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ہندوستان بھر کی جی آئی پیداوار کی نمائش کا بھی مشورہ دیا۔ مہابلیشور – رتنا گیری، سندھو درگ اور ناسک کو شامل کرنے والے سرکٹ سمیت جی آئی ٹورزم سرکٹس تیار کرنے کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی۔ وزیر موصوف نے ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کو ہدایت دی کہ وہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ترجیحی بنیاد پر سندھو درگ –رتنا گری ہوائی اڈے کو کام کرنے لائق بنائے۔
خطے میں زرعی سرگرمی کو فروغ دینے کے لیے ایگری کلچرل اینڈ پروسیس فوڈ پروڈکٹس ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اے پی ای ڈی اے) ، اسپائس بورڈ اور ربر بورڈ کے متوقع رول اور خدمت کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ جناب سریش پربھو نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت سیلف ہیلپ گروپوں (ایس ایچ جی) اور کسانوں کے گروپوں کے نمائندوں سے بھی مشورہ کیا جائے گا۔
مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بات چیت چمڑے جیم اور جیولری اور پیکیجنگ کے شعبوں پر ہی مرکوز رہی۔ کانکن خطے میں پیکیجنگ کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے جناب سریش پربھو نے افسروں کو ہدایت کی کہ سندھو درگ –رتنا گری ضلعے میں انڈین انسٹی ٹیوٹ فار پیکیجنگ (آئی آئی ٹی) کے لیے کیمپس قائم کرنے کے لیے امکانات کا مطالعہ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کے شعبے میں آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس صنعت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اس عمل میں نابارڈ کی سرگرم شمولیت کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ کونکن خطے میں ترقی کو آسان بنانے کے لیے کامرس کی وزارت دیگر مرکزی وزارتوں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ تال میل کرے گی۔
اس میٹنگ میں محکمۂ کامرس ، شہری ہوا بازی، اے پی ای ڈی اے، ایم پی ای ڈی اے، اسپائس اور ربڑ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران اور کانکن خطے کے افسروں نے شرکت کی۔