نئی دلّی: سمندری طوفان امفن کے پیش نظر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور آفات میں راحت رسانی ( ایچ اے ڈی آر ) کے تئیں اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے بھارتی فضائیہ ( آئی اے ایف ) ملک کے مشرقی علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ بھارتی فضائیہ نے اب تک 56 بھاری اور اوسط درجے کے ساز و سامان کے ساتھ پروازیں کی ہیں جن میں 25 پروازیں ہوائی جہازوں کے ذریعے اور 31 پروازیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کی گئیں ۔
طیاروں / ہیلی کاپٹروں کو امدادی کاموں کے لئے ضروری ساز و سامان سے لیس کیا گیا ہے اور یہ فضائیہ کے مختلف اڈوں پر فوری تعینات کے لئے عملے کے ساتھ تیار کھڑے ہیں ۔ فضائیہ کے صدر دفتر پر قائم کیا گیا بحران کے بندوبست کا شعبہ سرگرمی کے ساتھ شہری انتظامیہ اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے ۔
بھارتی فضائیہ کے 2 سی – 130 طیاروں نے پونے اور ارکوّنم سے کولکاتہ کے لئے 21 مئی ، 2020 ء کو این ڈی آر ایف کی دو – دو ٹیموں کو پہنچایا ہے ۔ اِن ٹیموں کے ساتھ این ڈی آر ایف کی امدادی کارروائیوں کے لئے ضروری بھاری ساز و سامان / مشینری پر مشتمل 8.6 ٹن سامان بھی پہنچایا ہے ۔