نئی دلّی ، بھارت کے صدرجمہوریہ جناب پرنب مکھرجی نے کل رات جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلعے میں امرناتھ یاتریوں پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
جموں و کشمیر کے گورنر جناب این این ووہرا کےنام ایک پیغام میں صدرجمہوریہ نے کہا ہے‘‘ مجھے جموں و کشمیر کےاننت ناگ ضلعے میں امرناتھ یاتریوں پر بزدلانہ حملے کےبارے میں سُن کر سخت صدمہ پہنچا ہے اور افسوس ہوا ہے، جس میں بہت سےمعصوم یاتریوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونےپڑےاور دیگر متعدد یاتری زخمی ہوئے۔
دہشت گردی کی اس طرح کی لایعنی حرکتیں، جس میں معصوم زندگیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، سماج کی جمہوری اقدار پر حملےکی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی پوری دنیا میں مذمت کی جانی چاہئے۔ ان کا مقابلہ عزم اور اجتماعی کارروائی کےذریعے کیاجانا چاہئے۔ میں ریاستی حکومت اور تمام متعلقہ ایجنسیوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اورریاست میں امن و قانون کو برقرار رکھا جائے۔ مجھے یقین ہے کہ سوگوار کنبوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئےجائیں گے، جو اس حملے کی وجہ سےاپنے پیاروں سے محروم ہو گئے ہیں۔ اس کےعلاوہ زخمیوں کو طبی امداد بھی فراہم کی جائےگی۔
برائےمہربانی مرنےوالوں کے کنبوں کےساتھ میری طرف سے پُرخلوص تعزیت کا اظہارکریں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کرتاہوں’’۔