نئی دہلی، صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج وشاکھا پٹنم میں آندھرا یونیورسٹی کا دورہ کیا ور دفاعی مطالعات کے مرکز کا آغاز کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں ای۔ کلاس روم کمپلکس اور انکیوبیشن سینٹر کے لئے سنگ بنیاد بھی رکھا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ بات بیحد تسلی بخش ہے کہ آندھرا یونیورسٹی بالخصوص کالج آف انجینئرنگ دفاعی اداروں کے ساتھ ملکر تحقیق و ترقی کے پروجیکٹوں میں مصروف عمل ہے، انہوں نے کہا کہ دفاعی مطالعات کا مرکز سائبر سکیورتی، نینو ٹیکنالوجی، راڈار، مواصلات، کروزن ٹکنالوجی اور دیگر ٹیکنالوجیاں، جن کی اسٹریٹجک جہتیں ہیں، پر توجہ مرکوز کرے گا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آندھرا پردیش یونیورسٹی کے پروفیسران اور محقیقین ڈی آر ڈی او کے علاوہ نیول ریسرچ بورڈ اور دیگر ادارو کے ساتھ مخصوص پروجیکٹوں میں اشتراک وتعاون کررہے ہیں۔ آندھرا یونیورسٹی کے پروفیسر کا استعمال میزائل پروجیکٹوں بشمول برہموز میزائل کے لئے مشیر کار کی حیثیت سے کیا جاچکا ہے۔ مزید برآں وشاکھا پٹنم میں واقع مشرقی بحری کمانڈ کی جانب سے سول انجینئرنگ ، اسٹرکچرل ایپلی کیشنز اور مرکبات کی تحلیل سے متعلق معاملات میں اس یونیورسٹی کی مہارتوں کا استعمال ہوتا رہا ہے۔ دفاع اور فوجی ایپلی کیشنز اور ٹیکنالوجیوں سے متعلق تحقیق سے ہمارے ملک کو کثیر النوع فوائد حاصل ہوں گے۔ اس سے میک ان انڈیا کی کوششوں کے لئے ٹانک فراہم ہوگا۔دیگر ملکوں کے تجربے سے واضح ہوتا ہے کہ دفاعی ٹیکنالوجیوں میں تحقیق سے اختراعات کے لئے بھی راہ ہموارہ ہوسکتی ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے سائنٹفک اور ٹیکنالوجیکل اداروں میں مجموعی صنفی عدم توازن اب بھی باعثت تشویش ہے۔ انہیں یہ جان کر بیحد خوشی ہوئی ہے کہ آندھرا یونیورسٹی کے اندر کل طلبا میں 40 فیصد لڑکیاں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آندھرا یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ برائے خواتین میں کلاس روم اور لیباریٹری کمپلکس کا افتتاح ہمارے ملک کے اندر اعلی معیار کی خواتین انجنیئر اور ٹیکنالوجی کی ماہر خواتین پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کا اصلی امتحان تعلیم تک اپنی بیٹیوں کی رسائی اور مواقع میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ سرکردہ دفاعی اور خلائی سائنس دانوں جنہوں نے ہمارے میزائل پروگراموں اور راکٹ لانچوں کو مستحکم کیا، وہ خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل آگرہ میں اسی ہفتے انہیں ’’ہندوستان کی میزائل خاتون‘‘ کی حیثیت سے مشہور ڈی آر ڈی او کی سینئر سائنس داں ڈاکٹر ٹیسی تھامس کو مبارکباد دینے کا شرف حاصل ہوا۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خاتون کی حیثیت سے وہ ملک کے نوجوانوں بالخصوص طالبات کے لئے رول ماڈل ہیں۔