نئی دہلی، صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج نئی دہلی میں درج فہرست ذات (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) برادری سے تعلق رکھنے والے قانون سازوں اور اراکین پارلیمنٹ کے فورم کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی امبیڈکر کنکلیو (نجی نوعیت کا اجتماع) کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے اس بات کی ستائش کی کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے محرومی اور عدم مساوات کی صورت حال کا سامنا کرنے کے باوجود اپنی غیرمعمولی تعلیمی حصولیابیوں کی بدولت اعلیٰ سرکاری عہدہ اور تحسین حاصل کی۔ ڈاکٹر امبیڈکر نے عوامی زندگی میں سماجی حقوق کے لئے جدوجہد پر زور دیتے ہوئے ہندوستان میں ایک جدید سماج کی تعمیر میں اپنا غیرمعمولی تعاون دیا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آئین، ڈاکٹر امبیڈکر جس کے اہم معمار خیال کئے جاتے ہیں، نے ہماری جمہوریت کو ایک مضبوط ڈھانچہ عطا کیا ہے۔ اس کے باوجود اس کے اندر لچیلاپن بھی ہے تاکہ وقت کی ضرورت کے مطابق اس میں ترمیم کیا جاسکے۔ ہمارا آئین دنیا کی اس سب سے بڑی جمہوریت میں سماج کے سبھی طبقات کی امیدوں کی تکمیل کا راستہ فراہم کرتا ہے۔
صدر جمہوریہ نے آئین اور قانون کی حکمرانی کے دائرے میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر جمہوریہ نے ڈاکٹر امبیڈکر کی اس بات کا ذکر کیا جس میں انھوں نے کہا ہے کہ کسی آئین کی کامیابی کی بنیاد محض اس کا متن نہیں ہے۔ کسی آئین کی کامیابی کا دار و مدار ان لوگوں اور سیاسی جماعتوں پر ہے جس کا استعمال لوگ اپنی آرزوؤں اور ترجیحات کے حصول کے لئے آلے کے طور پر کرتے ہیں۔