نئی دہلی، صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج راشٹرپتی بھون میں منعقد ایک تقریب میں سال 2016 کے لئے سنگیت ناٹک اکیڈمی فیلوشپ (اکیڈمی رتن) اور سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ (اکیڈمی پرسکار) پیش کئے۔
اس موقع پر تقریر کرتےہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ فنون لطیفہ عوام کو کلچر سے جوڑتے ہیں، یہ عوام کو بھی جوڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترانے کو گاتے ہوئے یا سنتے ہوئے ہر شہری اپنی ذاتی خواہشوں سے اوپر پہنچ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کو چاہئے کہ وہ اس فن کو ہمارے سماج اور ملک کے مفاد میں استعمال کریں۔
صدرجمہوریہ نے سنگیت ناٹک اکیڈمی کی ستائش کی جو قبائلی موسیقی، رقص، تھیٹر اور روایتی لوک فنون میں فنکاروں کی عزت افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان روایتی لوک فنون میں ہمارے ملک کی روایات کو زندہ رکھا ہے۔
سنگیت ناٹک اکیڈمی فیلو شپ اور سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ سب سے گراں قدر قومی اعزاز کے طور پر جانے جاتے ہیں جو فنکاروں کے ساتھ ساتھ عملی آرٹ کے دانشوروں اور ٹیچروں کو دیئے جاتے ہیں۔