نئی دہلی؍ محنت اور روزگار کے محکمے کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب سنتوش موہن گنگوارنے دہلی میں روہنی کے مقام پر ای ایس آئی سی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل کی طرف سے منعقدہ دوسری گریجویشن تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
وہاں جود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب سنتوش گنگوا رنے گریجویشن مکمل کرنے والے تمام طلباء کے لئے ایک روشن مستقبل کی خواہش کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کا انہیں مبارکباد ی۔انہوں نے کہا کہ تمام گریجویٹ طلباء کو اپنے پیشہ وارانہ عہد کو ذہن میں رکھتے ہوئے سماج کی بھلائی کے لئے اپنے فرائض ادا کرنے چاہئیں اور ملک کی بہتر سے بہتر خدمت کرنی چاہئے۔ انہوں نے غیر منظم شعبوں کے کارکنوں اور معاشرے کے کمزور ترین لوگوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے روہنی، دہلی کے ای ایس آئی سی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل کے اساتذہ اور گریجویشن کرنے والے طلباء کے والدین کو بھی ان طلباء کی تعلیم مکمل کرانے میں ان کے رول کے لئے مبارکباد دی۔
ملازمین کی اسٹیٹ انشورینس کارپوریشن ، سمامی تحفظ کی ایک اولین تنظیم ہے، جو سماجی تحفظ کے جامع فوائد فراہم کرتی ہے۔ ان فوائد میں ملازمین کے زخمی ہونے، ان کی بیماری اور موت وغیرہ کی شکل میں ضرورت کے مطابق مناسب طبی دیکھ بھال اور نقد رقموں کی فراہمی جیسے فائدے شامل ہیں۔ای ایس آئی قانون ان تنظیموں پر لاگو ہوتا ہے، جہاں 10یا اس سے زیادہ آدمی ملازم ہوں۔ای ایس آئی قانون کے تحت21 ہزار روپے ماہانہ تک کی اجرت پانے والے ملازمین صحت انشورینس کور اور دیگر فائدوں کے حقدار ہیں۔ اس قانون کا اطلاق پورے ملک میں 8.73 لاکھ فیکٹریوں اور دیگر اداروں پر ہوتا ہے، جس سے تقریباً 3.18 کروڑ کارکنوں کے فیملی یونٹ فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اس وقت ای ایس آئی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے افراد کی تعداد 12.02کروڑ ہے۔ 1952 میں اس کے قیام کے بعد سے ای ایس آئی کارپوریشن نے اب تک 151 اسپتال، 1467 ڈسپنسریاں، 159آئی ایس ایم یونٹ، 813برانچ اور پے آفیسز اور 62 ریجنل اور سب ریجنل ؍ڈویزنل دفاتر قائم کئے ہیں۔
روہنی ، دہلی کا ای ایس آئی سی ڈینٹل کالج محنت اور روزگار کی وزارت کے تحت دہلی این سی آر علاقے میں تیسرا سرکاری ڈینٹل کالج ہے۔ یہ عالمی مہارت اور وقار کا ادارہ بننے کے لئے مسلسل کوشش کررہا ہے۔ اس ادارے میں بیچلر آف ڈینٹل سرجری (بی ڈی ایس)کورس پڑھایا جاتا ہے، جو ڈینٹل کونسل آف انڈیا کے رہنما خطوط کے عین مطابق ہے اور اس الحاق مایہ ناز گورو گوبند سنگھ اندرپرستھ یونیورسٹی (جی جی ایس آئی پی) سے ہے۔ ای ایس آئی سی ڈینٹل کالج میں اعلیٰ معیار کے علاج اور ڈینٹل تعلیم کے ذریعے ای ایس آئی سی اپنے وعدے برابر پورے کر رہا ہے۔
محنت اور روزگار کے محکمے کی سیکریٹری محترمہ ایم ستہ وتی ای ایس آئی سی کے ڈائریکٹر جنرل جناب راج کمار اور دیگر سینئر اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔