نئی دہلی، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل بریندرسنگھ دھنووا 11 سے 14 دسمبر 2017 تک سری لنکا کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد علاقائی سالمیت سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اپنے دور ے کے دوران فضائیہ کے سربراہ 14 دسمبر 2017 کو ہونے والے سری لنکن ائیر فورس اکیڈمی کے کمیشننگ، ایوارڈ آف ونگس اور پاسنگ آؤٹ پریڈ کا بھی جائزہ لیں گے۔ سری لنکن ایئر فورس کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب خطے کی کسی فضائیہ کے سربراہ کو باوقار پاسنگ آؤٹ پریڈ کے ریویو کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔
ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ملکوں کی فضائیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کو رفتار دے گا اور مستقبل میں وسیع تر تبادلہ خیال کی راہ ہموار کرے گا۔ اس دورے سے تعلقات کو تقویت ملے گی، تعمیری لین دین کے مواقع پیدا ہوں گے اور مشترکہ امور اور چیلنجوں کی افہام وتفہیم کو فروغ ملے گا۔