نئی دہلی، مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ آج کہا کہ نئے زرعی قوانین کے مطابق ٹھیکہ معاہدہ فصلوں کے لئے ہوگا، زمین کے لئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دوسری بات بتاکر گمراہ کیا جارہا ہے۔
مودی حکومت کے ذریعہ لائے گئے کسانوں سے متعلق قوانین کی حمایت میں اور کانگریس پارٹی کے ذریعہ پھیلائی جارہی غلط معلومات کے خلاف اپنے لوک سبھا کے حلقہ انتخاب سے مہم کا آغاز کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ ضلع کٹھوعہ اور اودھم پور کے سرحدی گاؤں اور دیگر علاقوں سے آنے والے پارٹی کارکنان ، سرپنچوں اور بی ڈی سی چیئرمین سے خطاب کررہے تھے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ عام کسان تو مطمئن ہیں اور انہیں کوئی خدشات لاحق نہیں ہیں جبکہ سیاست کے مقصد سے کچھ ایے لوگ جنہیں نہ تو زراعت کے بارے میں کوئی معلومات ہے اور نہ ہی ان کا زراعت سے کچھ لینا دینا ہے۔ لیکن وہ اس کو ایک ایشو بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کسان برادری اور بڑے پیمانے پر عوام کے مفاد میں ہے کہ تمام یکساں ذہن رکھنے والے لوگ یکجا ہوں اور مفاد حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے ذریعہ غلط معلومات اور بدنیتی سے چلائی جانے والی مہم کا زبردست طریقے سے جواب دیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جواب دیا کہ ایسی صورت میں جبکہ بل میں واضح طور پر کسانوں کی زمین کو فروخت کرنے، پٹے پر دینے یا رہن رکھنے کی ممانعیت کی گئی ہے، کسانوں کی زمین پر کچھ سرمایہ داروں کے قبضہ کرنے کا سوال کہاں سے پیدا ہوتا ہے، جیسا کہ الزام لگایا جارہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بل میں واضح طور پر فصلوں کے لئے معاہدہ کرنے کی بات ہے زمین کے لئے نہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس کے علاوہ ٹھیکہ معاہدہ کسانوں کے ذریعہ ایک مقررہ قیمت کے حصول کے لئے ہوگا نہ صرف یہ بلکہ نیا قانون کسانوں کو اس بات کا حق بھی دیتا ہے کہ وہ بغیر کسی جرمانے کے معاہدے سے کسی بھی وقت ہٹ جائیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے حزب اختلاف پر خیالی تنازعات اور ایسے معاملات اٹھانے کا الزام لگایا جن کا قوانین سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثال کے طور پر یہ کہیں بھی ذکر نہیں ہے کہ ایم ایس پی کا ضابطہ کسی بھی وقت ختم کردیا جائے گا اور اس کے باوجود کانگریس پارٹی اور کچھ دیگر لوگ معصوم کسانوں کے ذہنوں میں جھوٹے خدشات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پارٹی کے ساتھیوں سے اپیل کی کہ وہ ہر ایک گاؤں میں ہر ایک کسان کے پاس پہنچیں اور اسے بتائیں کہ اس کے خلاف کتنی بڑی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کسان برادری وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ شروع کئے گئے بہبود کے بہت بڑے اقدامات کا فائدہ اٹھا سکے گی ۔