20 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

ندیوں کو آپس میں جوڑنے سے متعلق خصوصی کمیٹی کی 14 ویں میٹنگ کا آج انعقاد

Urdu News

نئی دہلی، آبی وسائل ، ندیوں کی ترقی اور گنگا کی تجدید کاری،سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں اور جہاز رانی کے مرکزی وزیر جناب نتین گڈکری نے آج ریاستی حکومتوں سے اپیل کی  کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ اور مرکز کے ساتھ تعاون کریں  تاکہ ندیوں کو باہم جوڑنے کے پروجیکٹوں میں تیزی لائی جا سکے ۔ مرکزی وزیر نے آج نئی دلی میں ندیوں کو آپس میں جوڑنے سے متعلق خصوصی کمیٹی کی 14 ویں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔جناب گڈکری نےبہترین تکنیکی ماڈل تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کا مقصد تعمیراتی لاگت میں  کمی لانا اور اسی کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی برقرار رکھنا ہے، تاکہ  فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے پروجیکٹوں میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں سے اپیل بھی کی کہ وہ غیر ملکی ایجنسیوں سے  کم شرح سود سمیت مالیات کے نئے طریقے تلاش کریں۔

جناب گڈکری نے کہا کہ ندیوں کو آپس میں جوڑنے سے ملک میں ایک بڑی سماجی معاشی تبدیلی آئے گی اور ان متعدد خطوں میں خوشحالی آئے گی جن کی ابھی ناقص انداز میں ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نےکہا کہ اگر ہم ندیوں کے پانی کے کافی مقدار کو بچا سکیں جو کہ سمندر میں بہہ جاتے ہیں اور ہم انہیں پانی کی قلت سے جوجھ رہے خطوں کو منتقل کر سکیں تو ہم پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کر سکتے ہیں ، جس سے کہ آج متعدد ریاستیں نبردآزما ہیں۔

وزیر موصوف نے تاہم یہ بھی کہا کہ ندیوں کو آپس میں جوڑنے کے پروجیکٹوں کے نفاذ کے دوران بے خانما ں لوگوں کی بازآبادکاری کو بھی مکمل طور پر یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ  وہ اس بات سے دکھی ہیں کہ بے گھر لوگ اب بھی مختلف پروجیکٹ مقامات پر بازآباد کاری کا انتظار کر رہے ہیں۔حالاں کہ ان مقامات پر تعمیراتی کام بہت پہلے ہو چکا ہے ۔

متعدد پروجیکٹوں سے متعلق مسائل کے حل کے لئے جناب گڈکری نے کہا کہ ریاستوں کے گروپ  بنائے جائیں گے اور وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال جلد ہی ریاستوں کا دورہ کریں گے اور متعدد زیر التوا مسائل پر متعلقہ ریاستی حکومت کے ساتھ میٹنگیں کریں گے ۔ متعدد آئی ایل آر پروجیکٹوں کی فنڈنگ کا حوالہ دیتے ہوئے جناب گڈکری نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جب ہم ان پروجیکٹوں کے لئے اختراعی فنڈنگ میکانزم کی دریافت کریں۔انہوں نے ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وہ فنڈنگ  تجاویز کے ساتھ آگے آئیں اور یہ  تجاویز بیرونی فنڈنگ ایجنسیوں کے سامنے پیش کی جا  سکتی ہیں ۔ جناب گڈکری نے کہا کہ ان کی وزارت اس کے لئے ریاستوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More