نئی دہلی، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج آئی سی ٹی پر مبنی کثیر ماڈل والے پلیٹ فارم برائے سرگرم حکمرانی و بروقت نفاذ ‘پرگتی ’ کے ذریعے اپنی 28 ویں گفتگو کی صدارت کی ۔
وزیر اعظم نے انکم ٹیکس سے متعلق شکایتوں کے حل میں پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ وزارتِ خزانہ کے عہدیداروں نے اِس سلسلے میں حاصل کی گئی پیش رفت کے بارے میں انہیں تفصیل سے مطلع کیا ۔ وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام نظاموں کو ٹیکنا لوجی پر مبنی بنایا جائے تاکہ انسانی مداخلت کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ بد عنوان عہدیداروں کے خلاف کارروائی میں پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انکم ٹیکس محکمے کے ذریعہ لوگوں کو سہولت پہنچانے کی خاطر کئے گئے مختلف اقدامات کو مناسب طریقے سے تمام ٹیکس دہند گان تک مراسلے کے ذریعے پہنچایا جانا چاہیئے ۔
اب تک ہوئی 27 پرگتی میٹنگوں میں 11.5 لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے پروجیکٹوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اس کے علاوہ ، بہت سے شعبوں میں عوامی شکایات کے ازالے کا بھی جائزہ لیا گیا ۔
آج 28 ویں میٹنگ میں وزیر اعظم نے ریلوے ، سڑک اور پیٹرولیم کے شعبوں میں 9 اہم بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ یہ پروجیکٹ آندھرا پردیش ، آسام ، گجرات ، دلّی ، ہریانہ ، تمل ناڈو ، اڈیشہ ، کرناٹک ، پنجاب ، اتر پردیش اور اترا کھنڈ سمیت کئی ریاستوں میں پھیلے ہوئے ہیں ۔
وزیر اعظم نے آیوشمان بھارت کے تحت ‘ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا ’ کو شروع کرنے سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے پردھان منتری جن اوشدھی پر یوجنا پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔