نئی دہلی، وزیردفاع جناب راجناتھ سنگھ نے آج راجستھان کےجیسلمیر ملٹری اسٹیشن میں6اگست تا14اگست 2019 کے دوران منعقدہ پانچویں بین الاقوامی آرمی اسکاٹ ماسٹرس مسابقہ 2019 کے فاتحین کو اعزاز سے نوازا۔
پہلی مرتبہ حصہ لیتے ہوئے انڈین آرمی نے آسانی کے ساتھ مسابقہ جیت لیا۔ اس مسا بقے میں آرمینیا، بیلا روس، چین، قزاخستان، ہندوستان ، روس، سوڈان اورازبیکستان پر مشتمل کل آٹھ ٹیموں نے شرکت کی۔
فاتحین کو میڈل اور ٹرافی پیش کرتے ہوئے وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے ان کی شاندار کارکردگی کے لئے انہیں مبارک باد پیش کی اور مسابقے میں حصہ لینے والی تمام آٹھ ٹیموں کے لئے بہترین مستقبل کی نیک خواہشات پیش کی۔
جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ گزشتہ دس دن کے دوران تمام حصہ لینے والی ٹیموں نے اس سخت مقابلے میں غیر معمولی ہنر کا مظاہرہ کیا۔ ان ٹیموں میں قابل ذکر یکسوئی، انہماک اور صلاحیت کے ساتھ ساتھ بہترین ٹیم ورک کا بھی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسابقے کے دوران پیدا ہوئے دوستی کے مراسم شرکت کرنے والے ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اس مسابقے میں شرکت کرنے والے ملکوں کے ساتھ ہندوستان کے نہایت دوستانہ اور خوشگوار رشتے ہیں۔ ہم طویل عرصے سے روس کے ساتھ گہرے اور اسٹریٹجک رشتے رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال ہم روس کے ساتھ دو طرفہ فوجی مشق اندرا کا اہتمام کرتے ہیں۔جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ چین سالانہ دو طرفہ مشق‘‘ ہینڈ ان ہینڈ’’ میں شرکت کرتا ہے۔اس کے ذریعہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ بہترین سمجھداری قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وسطی ایشیا کے تمام ملکوں مثلاً آرمینیا، بیلا روس، قزاخستان اور ازبیکستان کے ساتھ تاریخی رشتے ہیں۔اس میں تجارتی اور تہذیبی رشتے بھی شامل ہیں۔
سوڈان کے سلسلے میں جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان نے ایک دہائی سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ قیام امن فوج کے تحت اپنا انمول تعاون پیش کیا ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ ہندوستان دنیا بھر کے تمام ملکوں کے ساتھ رشتوں کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر ازبیکستان کے سفیر جناب فرہاد آرزیف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل بپن راوت، جنوبی کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف لیفٹیننٹ جنرل ایس کے سینی کے علاوہ دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے وفود کے سربراہان، دیگر شرکت کرنے والے افراد اور معزز مہمانان موجود تھے۔
انڈین آرمی کی ٹیم نے صحرائے تھار کے سخت موسم اور دشوار صحرائی حالات میں دس مہینے تک کی سخت ٹریننگ کی۔ اس ٹیم کے انتخاب اور ٹریننگ کا عمل جنوبی کمانڈ کے زیر نگرانی انجام پایا تھا۔
اس پروقار مسابقے کے انعقاد کے لئے جیسلمیر فوجی اڈے پر عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے تعمیر کئے گئے تھے۔ان میں6.7 کلو میٹر سے زائد کی دوری پر پھیلے ہوئے 15 مشکلات کے حامل انفینٹری جنگی گاڑیوں کے لئے چیلنج سے بھرپور کورس اور1.3 کلو میٹر کی دوری پر پھیلے ہوئے22رکاوٹوں کے حامل اسکاٹ ماسٹرس ٹیموں کے لئے دوسرا مشکل ترین رکاوٹ کورس شامل ہیں۔آسان طریقے سے مناسب انداز میں مسابقے کے انعقاد کے لئے مسابقے میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں اور ججوں کے بین الاقوامی پینل بشمول شریک میزبان، روس کی جانب سے خوب داد وتحسین حاصل ہوئی۔