نئیدہلی؛ وزیراعظم نریندر مودی نے آج اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں پروانچل ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقعے پر ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ موقع ریاست میں ترقی کے سفر میں نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے ریاست کے وزیراعلیٰ کی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست میں ترقی کے لیے سازگار ماحول تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سماج کے مختلف طبقات کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 340 کلومیٹر لمبے پروانچل ایکسپریس وے کی تعمیر سے ان شہروں کی ترقی ہوگی جن سے یہ گزرے گا۔ اس سے دلی اور غازی پور کے درمیان کنکٹیویٹی میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی صنعت اور ادارے جو ایکسپریس وے سے متصل ہوں گے، ترقی پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے سے علاقے میں تاریخی اعتبار سے اہم مقامات میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
جناب نریندر مودی نے کہا کہ آج ترقی کے لیے کنکٹیویٹی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں قومی شاہراہ سے متعلق نیٹ ورک چار برسوں میں تقریباً دو گنا ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں وزیراعظم نے فضائی کنکٹیویٹی اور آبی کنکٹیویٹی سے متعلق اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مشرقی حصے کو ترقی کی نئی کاریڈور بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے سب کا ساتھ سب کا وکاس کے نظریے کو دہرایا اور علاقے کی متوازن ترقی پر زور دیا۔ ڈیجیٹل کنکٹیویٹی پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپٹیکل فائبر کنکٹیویٹی اب تک ایک لاکھ پنچایتوں کو فراہم کی گئی ہے اور عام خدمات کے تین لاکھ مراکز سے لوگوں کی زندگی آسان ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے دیگر ترقیاتی اقدامات جیسے وزیراعظم رہائش منصوبہ، وزیراعظم گرام سڑک یوجنا کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے خریف فصلوں کی کم سے کم امدادی قیمت میں اضافے کا بھی ذکر کیا جس سے کسان مستفید ہوں گے۔
وزیراعظم نے بعض عناصر کی طرف سے اُس قانون کو روکنے کی مذمت کی جس سے مسلم خواتین کو تین طلاق سے تحفظ حاصل ہوگا۔ انہوں نے اس قانون کو حقیقت میں تبدیل کرنے کا اعادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور اتر پردیش کی ریاستی حکومت کے لیے ملک اور اس کے عوام سب سے اہم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس علاقے کے بُن کروں کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے جدید مشینوں، کم شرح سود پر قرض اور بنارس میں تجارت کو سہل بنانے سے متعلق مرکز کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔